راولپنڈی : خاتون صحافی گھر میں قتل، اتفاقیہ گولی چلی : شوہر کا اعتراف
مقتولہ کی والدہ ،بہنیں بھی موجود تھیں، ربیعہ دوبیٹیوں کی ماں ،پسند کی شادی تھی مقدمہ درج، ملزم احسن کو آج ڈیوٹی جج کے روبرو پیش کیا جائیگا
راولپنڈی (خبر نگار ،دنیا نیوز) تھانہ صدر بیرونی کے علاقے گلشن آباد میں خاتون صحافی ربیعہ احسن کو گھر میں قتل کر دیا گیا، پولیس نے ربیعہ احسن کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے ،شوہر نے اتفاقی طور پر گولی چل جانے کا اعتراف کیا ہے، ربیعہ احسن دو بیٹیوں کا ماں تھی، پسند کی شادی کے بعد اڈیالہ روڈ گلشن آباد منتقل ہوئی تھی، پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کے شوہر نے اعتراف جرم کر لیا ہے بہرحال اتفاقیہ گولی چلنے یا خاتون کو قتل کرنے کے حوالے سے تصدیق ہونا باقی ہے، واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہنیں بھی گھر میں موجود تھیں، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ مقتولہ کی لاش کمرے سے ملی، شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، وقوعہ کی تمام زایوں سے تفتیش کی جارہی ہے ،دوسری جانب مقتولہ کا پوسٹمارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی، پولیس کے مطابق قتل کا مقدمہ مقتولہ ربیعہ احسن کے بھائی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ،مقدمہ قتل عمد کی دفعہ 302 اور غیر قانونی اسلحہ کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے ،ملزم احسن کو آج ڈیوٹی جج کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments