زمین میں حرارت جمع ہونے کی رفتار تیز، موسمیاتی شدت کا نیا دور شروع

زمین میں حرارت جمع ہونے کی رفتار تیز، موسمیاتی شدت کا نیا دور شروع

2026 ریکارڈ کے چارگرم ترین برسوں میں شامل ہونے کے قریب،سمندری حرارت مسلسل دسویں سال بلند ترین سطح پررہنے کاامکان گرمی کی لہروں، خشک سالی،سمندری طوفانوں کی شدت مزیدبڑھنے کا خدشہ ،عالمی ادارہ،ترکیہ میں موسمیاتی سربراہی اجلاس کاآغاز موسمیاتی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں اور سب سے کم ذمہ دار ممالک اور افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں،سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

کراچی (دنیامانیٹرنگ) عالمی ادارہ موسمیات (ڈبلیو ایم او)نے خبردار کیا ہے کہ زمین کے نظام میں حرارت جمع ہونے کی  رفتار تیز ہوگئی ہے اور دنیا موسمیاتی شدت کے نئے دور میں داخل ہوچکی۔ ادارے کے مطابق 2026 ریکارڈ کے چار گرم ترین برسوں میں شامل ہونے کی جانب گامزن ہے ، جبکہ گرمی کی لہروں، خشک سالی اور سمندری طوفانوں کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔ ڈبلیو ایم او کی رپورٹ کے مطابق سورج سے زمین کو ملنے والی توانائی اور زمین سے خارج ہونے والی توانائی کے درمیان عدم توازن ریکارڈ شروع ہونے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔ جنوری سے ستمبر 2026ء کے دوران عالمی سطح پر اوسط درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں 1.47 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ سمندری سطح کا درجہ حرارت ماہانہ ریکارڈ سطح پر پہنچا جبکہ سطح سمندر بھی ریکارڈ کی بلند ترین سطح پر رہی۔سمندر گرین ہاؤس گیسوں کے باعث محبوس ہونے والی اضافی حرارت کا 90 فیصد جذب کرتا ہے اور 2026 سمندری حرارت کا مسلسل دسواں ریکارڈ سال بن سکتا ہے ۔ 2025 میں سمندر کی بالائی 2 ہزار میٹر گہرائی میں حرارت کی مقدار مشاہداتی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔رپورٹ کے مطابق فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا ارتکاز 1992 میں 356.42 پارٹس فی ملین تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 426.8 ہوگیا، یعنی 1750 کے مقابلے میں 53 فیصد اضافہ ہوا۔2001 سے 2025 کے دوران زمین کے توانائی کے عدم توازن میں اضافے کی رفتار فی مربع میٹر فی دہائی 0.3 واٹ رہی، جبکہ 1960 سے 2025 کے عرصے میں یہ شرح 0.13 واٹ تھی۔

برطانوی اخبار کے مطابق سفارت کار اور عالمی رہنما پیر کو ترکیہ کے سیاحتی شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کی 31ویں کانفرنس (کوپ)میں شرکت کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ انسانوں کی پیدا کردہ موسمیاتی تبدیلی سے پہلے ہی گرم سیارے پر شدید ایل نینو کی کیفیت مزید اثرات مرتب کرے گی، موسمیاتی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں اور سب سے کم ذمہ دار ممالک اور افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایل نینو کے باعث عموماً عالمی درجہ حرارت میں 0.1 سے 0.2 ڈگری کمی آتی ہے ، تاہم اب بننے والا ایل نینو گزشتہ ایک ہزار سال کا طاقتور ترین ہوسکتا ہے ۔یونیورسٹی کالج لندن کے پروفیسر بل میگوائر نے خبردار کیا کہ دنیا 2028 میں 1.5 ڈگری کی حد مستقل عبور کرسکتی ہے اور موجودہ رفتار سے 2030 کی دہائی کے آخری برسوں میں درجہ حرارت 2 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے ۔ ان کے مطابق ہر دہائی میں عالمی درجہ حرارت 0.4 ڈگری بڑھ رہا ہے ، جبکہ صدی کے اختتام تک 2.6 سے 2.8 ڈگری اضافے کی پیش گوئی بھی اب حد سے زیادہ خوش فہمی معلوم ہوتی ہے ۔ادارے کے مطابق 2026 میں انٹارکٹیکا کی سمندری برف کی سالانہ زیادہ سے زیادہ مقدار تیسری کم ترین اور آرکٹک میں کم ترین یا دوسری کم ترین سطح پر رہی، جبکہ دنیا کے تمام 19 گلیشیئر خطوں میں مسلسل چوتھے سال برف کی کمیت میں کمی ہوئی اور مجموعی نقصان 400 گیگا ٹن سے زیادہ رہا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...