افغان نیشنل آرمی کا تربیت یافتہ افغان دہشتگرد گرفتار
حکمت اللہ نے کمانڈو ٹریننگ لی،جلال آباد میں طالبعلم کو خودکش حملے کیلئے تیار کیا افغان آرمی کے خاتمے کے بعد مدارس میں اپنی صلاحیتیں استعمال کیں:اے آئی جی
پشاور(دنیانیوز،آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں ایک افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ پشاور میں ایڈیشنل آئی جی پولیس عباس احسن اور سیکرٹری اطلاعات ایریا ڈویلپمنٹ سیکٹر محمود جان نے پریس کانفرنس کے دوران افغان دہشت گرد کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہا ہم نے دہشت گردی کا سینہ تان کر مقابلہ کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ اس دہشت گردی میں سرحد پار افغان سرزمین استعمال ہوتی آ رہی ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بتایا ہمیں ایک بریک تھرو ملا ہے اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو گرفتار کرلیا ہے ،یہ دہشت گرد تیراک وادی سے ہوتا ہوا آیا تھا جہاں پشاور کے قریب سے اسے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا دہشت گرد کو ہیومن ریسورس، انٹیلی جنس، الیکٹرانک سرویلنس کے مختلف طریقے استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔گرفتار دہشت گرد کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ حکمت اللہ کو 7 نومبر کو گرفتار کیا گیا اور اس کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا کے علاقے چمکنی کے گاؤں منگیار سے ہے ، گرفتار دہشت گرد سے تفتیش کے دوران بہت سے انکشافات ہوئے ہیں،ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اس کے پاکستان اور افغانستان میں کون کون سہولت کار رہے ہیں۔ اس نے افغانستان میں کہاں کہاں تربیت لی ہے اور کہاں سے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے ۔
عباس احسن نے بتایا کہ یہ خارجی سابقہ افغان نیشنل آرمی میں بھی کام کر چکا ہے اور 3 ماہ کی عسکری تربیت حاصل کر چکا ہے ، اس کے علاوہ اس نے 3 ماہ تک افغان آرمی کے ساتھ کمانڈو ٹریننگ بھی حاصل کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ افغان آرمی کے خاتمے کے بعد حکمت اللہ نے مختلف مدارس میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے وہاں دوبارہ تربیت شروع کی اور لوگوں سے روابط رکھے تاکہ پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی پھیلا سکے ۔گرفتار دہشت گرد سے متعلق ایڈیشنل آئی جی نے مزید بتایا کہ جلال آباد کے قریب خالد بن ولید مدرسے میں اس دہشت گرد نے ایک عکرمہ نامی ایک طالب علم کو خودکش بمبار کی تربیت دی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گرفتار دہشت گرد کے سابقہ گل بہادر گروپ سے تعلق اور روابط رہے ہیں جبکہ اس گروپ کے ایک کمانڈر منصور کا یہ ذاتی محافظ بھی رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments