خسرہ ویکسین کی عدم تیاری سے خزانے کو 504 ملین کانقصان
2005 کا منصوبہ 2017 تک مکمل نہ ہوسکا، پی اے سی ذیلی کمیٹی کا اظہارِ تشویش
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت ہوا،جس میں وزارتِ صحت سے متعلق 2011-12 سے 2022-23 تک کے مختلف آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ قومی ادارہ صحت کا خسرہ ویکسین کی تیاری سے متعلق منصوبہ 2005 میں تیار کیا گیا تھا جسے 2007 میں مکمل ہونا تھا تاہم بروقت کام نہ ہونے کے باعث 2017 تک خسرہ ویکسین تیار نہ ہوسکی جس سے قومی خزانے کو 504 ملین روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔این آئی ایچ حکام نے بتایا کہ رواں سال اس سلسلے میں ٹینڈر جاری کیا گیا تو صرف ایک فرم نے حصہ لیا۔ اس پر کنوینر معین عامر پیرزادہ نے سوال اٹھایا کہ اتنے سال ضائع ہونے کے باوجود بین الاقوامی ٹینڈر کیوں جاری نہیں کیا گیا۔انہوں نے این آئی ایچ کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا جب سورس ڈرگ ڈریپ میں رجسٹرڈ ہی نہیں تو ٹینڈر کی کارروائی کیوں کی جا رہی ہے ؟ اس سے ٹینڈر کا پورا طریقہ کار مشکوک دکھائی دیتا ہے ۔کنوینر نے یہ بھی استفسار کیا کہ ادارے نے اب تک 14 ٹینڈرز کیوں کیے اور اس دوران ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کون کرے گا؟ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پی اے سی کی ذیلی کمیٹی نے وزارتِ صحت کو فوری اور شفاف انکوائری کرنے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments