ملک میں فی الفور نئے صوبے بنائے جائیں، محمد علی درانی
80سال سے ملک ایک پہیے پر ،70فیصد بجٹ لاہور پر خرچ کیا جارہا ، پریس کانفرنس
ملتان (وقائع نگارخصوصی ،لیڈی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے بہاولپور، جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبوں کے فی الفور قیام اور بااختیار مقامی حکومتوں کی بحالی کے لئے ملک گیر تحریک کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 80 سال سے پاکستان کو ایک پہیے پر چلایا جا رہا ہے جہاں 70 فیصد بجٹ صرف ایک شہر (لاہور)پر نچھاور کر دیا جاتا ہے جبکہ باقی علاقوں کے عوام بنیادی حقوق، روزگار اور فنڈز سے مکمل محروم ہیں۔ انگریز کے بنائے ہوئے بڑے صوبائی نظام اور حکمرانوں کی عیاشیوں سے نجات کے لئے فارم 45 اور عوام کی آئینی رائے کے مطابق نئے صوبے فی الفور تشکیل دیئے جائیں۔وہ بدھ کو ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ محمد علی درانی نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان کے عوام کی مسلسل جدوجہد اور صوبائی اسمبلیوں کی منظور شدہ قراردادوں کے باوجود گزشتہ 14 سال سے سیاسی قائدین نے اپنے وعدے وفا نہیں کئے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چھوٹے صوبے بننے سے حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات میں واضح کمی آئے گی، وزرا ئے اعلیٰ کو کرولا گاڑیوں میں گھومنا پڑے گا اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق انہی کی دہلیز پر میسر آئیں گے ۔
انہوں نے مالیاتی ناانصافیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت 57 فیصد فنڈز صوبوں کو منتقل تو ہوتے ہیں لیکن صوبائی حکومتیں یہ پیسہ اضلاع اور مقامی سطح پر تقسیم کرنے کے بجائے وزرائے اعلیٰ کی جیبوں کی نذر کر دیتی ہیں۔ مثال کے طور پر بہاولپور کے نام پر 47 ارب روپے ملنے کے باوجود وہاں صرف 1 ارب روپیہ خرچ کیا گیا جبکہ یہی استحصال ملتان اور ڈی جی خان کے ساتھ بھی دہرایا جا رہا ہے ۔محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کے واحد رکن تھے جنہوں نے 18 ہویں ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیا تھا کیونکہ اس میں صوبوں کو اضلاع اور بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی منتقلی کا پابند نہیں بنایا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام تک ان کا حق پہنچانا صوبائی خودمختاری کی مخالفت نہیں بلکہ عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کا نام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ چاروں صوبے قائد اعظم کے بنائے ہوئے نہیں بلکہ انگریز کے مسلط کردہ نظام کا حصہ ہیں، اب قوم کو انگریز کے چھوڑے ہوئے وڈیروں کے خلاف \'معرکہ خوشحالی\' لڑنا پڑے گا۔ ہائبرڈ حکومت کا سیٹ اپ صرف حکمرانوں کی عیاشیوں اور مفادات کے تحفظ کے لئے قائم کیا گیا ہے ، جبکہ حکمرانوں نے صوبوں میں گورنر راج لگا کر اپنی ہی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments