لاہور اور ملتان شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں، شہری سموگ سے پریشان

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے بڑے شہر لاہور اور ملتان شدید سموگ اور فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔

صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 344 سے تجاوز کر گئی، جس کے باعث لاہور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، پیراگون سوسائٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 671 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 561 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کے امکانات 10 فیصد ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ملتان میں بھی سموگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جہاں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 507 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، شہر میں سموگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، بارش کے باعث فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں کمی آنے کی امید ہے، تاہم بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافے اور درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور آنکھوں و سانس کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...