شارجہ کے سوق الجبیل کی تاریخ محفوظ کرنے کیلئے خصوصی کتاب کی تیاری کا اعلان

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے معروف سوق الجبیل کی تاریخ اور ترقی کے سفر کو دستاویزی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شارجہ کے نائب حکمران شیخ سلطان بن احمد القاسمی اور کلمات گروپ کی بانی و چیف ایگزیکٹو شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی کی موجودگی میں اس حوالے سے خصوصی کتاب کی تیاری کا اعلان کیا گیا۔

شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 45ویں ایڈیشن کے دوران کلمات گروپ کے اشاعتی ادارے سراب اور شارجہ ایسٹ مینجمنٹ کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پایا، جس کے تحت عربی اور انگریزی زبانوں میں تصاویر سے مزین کتاب شائع کی جائے گی۔

کتاب میں سوق الجبیل کی تاریخی اہمیت، ایک پرانی مارکیٹ سے جدید تجارتی مرکز تک اس کے سفر اور شارجہ کی معاشرتی و اقتصادی ترقی میں اس کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔

دونوں شخصیات نے ایکسپو سینٹر شارجہ میں سراب کے پویلین کا دورہ کیا، جہاں انہیں کتاب کی تیاری اور منصوبے کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا گیا، کتاب کی رونمائی نومبر 2027ء میں شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے آئندہ ایڈیشن کے دوران متوقع ہے۔

کلمات گروپ کے جنرل منیجر احمد العلی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد شارجہ کے ایک اہم تجارتی اور ثقافتی مرکز کی تاریخ کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کرنا ہے، سوق الجبیل مقامی ثقافتی ورثے اور جدید سہولتوں کا امتزاج ہے، جو شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے ساتھ شارجہ کی ترقی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

مجوزہ کتاب میں سوق الجبیل کے قیام، تعمیر، انتظامی چیلنجز اور ترقیاتی مراحل کے علاوہ غذائی تحفظ، ماہی گیروں، تاجروں اور مقامی کاروباری سرگرمیوں میں اس کے کردار کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔ مارکیٹ میں خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، مناسب قیمتوں اور عوامی سہولتوں کے لیے کیے گئے اقدامات بھی کتاب کا حصہ ہوں گے۔

کتاب کی تصنیف امریکن یونیورسٹی آف شارجہ کے مالیاتی و انتظامی امور کے وائس چانسلر علی حسن السویدی کریں گے، جنہوں نے سوق الجبیل کے منصوبے کی تکمیل اور افتتاح تک نگرانی کی تھی، اس لیے کتاب میں منصوبے سے متعلق ان کے براہِ راست تجربات اور اہم تاریخی معلومات بھی شامل کی جائیں گی۔

تقریب میں شارجہ کے محکمہ شماریات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے چیئرمین شیخ محمد بن حمید القاسمی، شارجہ ڈیجیٹل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل شیخ سعود بن سلطان القاسمی، متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ سالم بن خالد القاسمی اور نیشنل میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد سمیت اعلیٰ حکام اور ثقافتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

منتظمین کے مطابق اس منصوبے کا مقصد شارجہ کے تاریخی تجارتی مراکز کی اہمیت کو محفوظ بنانا اور ثقافتی ورثے کے ساتھ جدید ترقی کے امتزاج کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...