صدر پوتن آج امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کریں گے
کریملن: (دنیا نیوز) ترجمان کریملن نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں روس، امریکہ اور یوکرین کے سہ فریقی مذاکرات کے بعد ماسکو میں ہونے والی اہم ملاقات میں صدر پوتن امریکی نمائندوں سے مذاکرات کی تفصیلات سنیں گے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن آج 12 نومبر کو ماسکو میں امریکی صدر کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے ایک روز بعد ہو رہی ہے۔
ملاقات کے امکان سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان کریملن نے اس بات کی تصدیق کی کہ صدر پوتن کی امریکی نمائندوں سے ملاقات دن کے پہلے حصے میں متوقع ہے۔
اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر دونوں نے ابوظہبی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کی تھی، جیرڈ کشنر کے مطابق امریکی مذاکراتی ٹیم ماسکو کے دورے کے بعد کیف جانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
اسٹیو وٹکوف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یوکرین تنازع کے حل کے لیے امریکی کوششوں میں ابتدائی طور پر واحد نمائندے تھے، گزشتہ دو برسوں کے دوران یہ ان کا روس کا دسواں دورہ ہوگا، جبکہ جیرڈ کشنر دوسری مرتبہ روس کا دورہ کررہے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بتایا کہ صدر پوتن پہلے ابوظہبی مذاکرات میں شریک روسی وفد سے بات چیت کی تفصیلات حاصل کریں گے، جس کے بعد وہ امریکی نمائندوں کا جائزہ سنیں گے۔
سرگئی لاوروف کے مطابق ان ملاقاتوں کے بعد صدر پوتن یوکرین تنازع کے تصفیے کے حوالے سے روس کے آئندہ مؤقف کا فیصلہ کریں گے، روس کا مؤقف خصوصی فوجی آپریشن کے مقاصد کے حصول پر مرکوز رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments