ایران کی جوابی کارروائی یورپ بھر میں امریکی اڈوں تک پھیل سکتی ہے: محسن رضائی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے اسلامی جمہوریہ ایران پر نئے حملے کیے تو یورپی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈے بھی ایرانی جوابی کارروائی کا ہدف بن سکتے ہیں، جس سے ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کا دائرہ مشرقِ وسطیٰ سے آگے تک پھیل سکتا ہے۔

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے لبنان کے نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ انتباہ جاری کیا، ان کا کہنا تھا کہ تہران کا ردعمل صرف قریبی امریکی فوجی تنصیبات تک محدود نہیں رہے گا۔

محسن رضائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کا جواب دور دراز علاقوں میں قائم امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یورپی ممالک میں قائم امریکی فوجی تنصیبات ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہوئیں تو انہیں بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

رضائی نے ان ممالک کو بھی خبردار کیا جہاں امریکی فوجی دستے تعینات ہیں کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں امریکہ کو سہولت فراہم کرنے سے گریز کریں۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اس وقت ایران امریکہ کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا اور اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کا افزودہ جوہری مواد ملک سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان براہِ راست فوجی کشیدگی دوبارہ شروع ہونے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...