سیکرٹری اطلاعات سے ایس این پی سی کے صدر و دیگر کی ملاقات
صحافیوں کے مسائل اور فلاح و بہبود،صحافتی اداروں کی مشکلات پر تبادلہ خیال قاضی شفیق و دیگر کا پریس کلبوں کو مناسب بجٹ اور سہولیات دینے کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ کے سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار احمد شیخ سے سندھ نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر قاضی شفیق احمد، ڈائریکٹر اشتہارات عزیز ہکڑو اور سینئر صحافی صفدر سہتو نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران سندھ بھر کے پریس کلبوں کے بجٹ، صحافیوں کو درپیش مسائل، صحافتی اداروں کی مشکلات اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پریس کلبوں کی مالی صورتحال، بجٹ کی فراہمی اور صحافیوں کے لیے بنیادی سہولیات کی دستیابی کے امور بھی زیر بحث آئے ۔ شرکاء نے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہیں، جہاں صحافی نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ امور انجام دیتے ہیں بلکہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہیں ،ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پریس کلبوں کو مناسب بجٹ اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ صحافتی سرگرمیوں کو مزید فروغ مل سکے اور صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں ۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ سندھ کے محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری کے درمیان بہتر رابطوں اور باہمی تعاون کے ذریعے پریس کلبوں کی بہتری، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ ملاقات کو صحافی برادری کے مسائل حکام تک پہنچانے اور پریس کلبوں کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments