آئینی عدالت:آفریدی بازیابی اور عدالتی حکم کیخلاف درخواستیں دائر
وزیراعلیٰ سمیت تینوں رہنما عدالت پیش کرنیکا حکم دیا جائے :درخواست میں استدعا ایم پی او نظربندی مقدمات میں خیبرپختونخوا حکومت کی درخواستیں 16نومبر کو مقرر
اسلام آباد (کورٹ رپوٹر)وفاقی آئینی عدالت میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کی بازیابی کیلئے آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی درخواست میں وزارت دفاع وداخلہ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے ،جس میں استدعا کی گئی ہے کہ تینوں رہنماؤں کی حراست اور نقل و حرکت پر عائد پابندیاں غیر قانونی قرار دی جائیں اور عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
ادھر خیبر پختونخوا حکومت کی درخواستوں پر 5 نومبر 2026 کو جاری عدالتی حکم کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے آئینی عدالت میں نظرِثانی کی درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت آئینی درخواستوں کی کارروائی متاثر ہوئی۔ آئینی عدالت اپنے 5 نومبر کے حکم پر نظرِثانی کرے اور پشاور ہائیکورٹ کو زیرِ التوا آئینی درخواستوں کی سماعت اور فیصلے کرنے کی اجازت دے ۔ مزید برآں پشاور ہائیکورٹ کے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت رٹ دائرہ اختیار استعمال کرنے اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت نظربندیوں سے متعلق مقدمات میں خیبرپختونخوا حکومت کی درخواستیں وفاقی آئینی عدالت نے 16 نومبر کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments