ڈار کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر ، جی بی میں جاری منصوبوں کا جائزہ

ڈار کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر ، جی بی میں جاری منصوبوں کا جائزہ

وفاق اور علاقائی حکومتوں میں رابطہ کاری مؤثر بنانے ، مالیاتی مسائل حل کرنے پر غور

 اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں دونوں خطوں کے انتظامی، حکومتی اور ترقیاتی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی اور علاقائی حکومتوں کے درمیان رابطہ کاری مؤثر بنانے، ادارہ جاتی طریقہ کار بہتر کرنے، زیر التوا قانون سازی اور مالیاتی امور کو حل کرنے سمیت سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، شرکا نے سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، صحت عامہ اور علاقائی روابط کے فروغ سے متعلق جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری یقینی بنائی جائے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کئے جائیں اور عوام کو سماجی و اقتصادی شعبوں میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں وزیر امور کشمیر امیر مقام ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی ۔دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی معاشی اور ترقیاتی ترجیحات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کی معاونت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...