شہبازشریف سے مائننگ کمپنیوں کے وفود کی ملاقاتیں
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد اور بانی و ایگزیکٹو شریک چیئرمین آئیون ھو مائنز، رابرٹ فریڈلینڈ نے الگ الگ ملاقات کی۔
جان تھورنٹن و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ملک ہے ، ان وسائل سے استفادہ کرکے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ،ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،پاکستان اپنے وسیع معدنی وسائل کو بروئے کار لانے اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا ایک اہم سنگِ میل اور ملکی معاشی مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے ،ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی،معدنی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سازگار ماحول تشکیل دیا جا رہا ہے ۔مہمان وفد نے وزیرِ اعظم اور حکومت پاکستان کے منرل کانفرنس کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا رابرٹ فریڈلینڈ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تانبے ، سونے اور اہم معدنیات کے وسیع ذخائر کو بروئے کار لانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔آئیون ھو مائنز کی پاکستان میں دلچسپی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments