تبلیغی اجتماع جاری، مساجد آباد اور اولاد کی دینی تربیت کریں:علماء
مسائل کی وجہ دین سے دوری ،مخلوق کی خدمت سے کامیابی کے راستے کھلیں گے مولانا محمد اسماعیل ،مولانا عمرفاروق، مولانا ربیع الحق ،مولانا ابراہیم ودیگر کا خطاب
رائے ونڈ(این این آئی)رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتما ع کے دوسرے مرحلے میں شرکاء کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کرگئی،اس موقع پر مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد اسماعیل گودرہ،مولانا عمرفاروق، مولانا ربیع الحق، مولانا محمد ابراہیم ودیگر نے کہا کہ دنیا میں آنے کی ترتیب ہے جانے کی نہیں ،وقت کو قیمتی جانیں،مساجد کو آباد کریں ،اپنے اعلیٰ اخلاق کے ذریعے دین کو اپنائیں ،اپنے ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں ،تہجد کا اہتمام کریں ،دنیا وآخرت کی کامیابیاں مقدر ہوں گی۔علماء کرام نے کہا کہ آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہے ،آفات،مصائب کے جو پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اسکا سبب صرف اور صرف دین محمدی سے دوری ہے ،انسان اپنی کامیابی مال میں سمجھ رہا ہے اور مال کمانے کیلئے کسی چیز کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ، حرام،حلال کی تمیز کئے بغیر مال بنا رہا ہے ، قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے زمانے کی قسم اٹھا کر کہا ہے کہ انسان گھاٹے میں ہے ،صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا۔
دنیا کی کامیابی کو مال میں سمجھنے والے بے وقوف ہیں۔علمائے کرام نے مزید کہا کہ رات کی تاریکیوں میں اٹھ کر رب کو منانا اور دن کی روشنی میں اسکی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلیں گے ، نیک صالح اعمال کرنا ہوں گے ، اپنے دلوں میں رب کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا تو کامیابی قدم چومے گی ،نیکی کی دعوت دینا اور برائی سے روکنا یہی امر بالمعروف ونہی عن المنکر ہے ،معاشرے کی اصلاح کیلئے سب سے پہلے اپنی اصلاح ضروری ہے ، اخلاق،معاملات،معاشرت سب کو اسلامی بنانے کی ضرورت ہے ۔علماء کرام نے مزید کہا کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جاکر کاٹیں گے ،اپنی اولاد،مال کو دین کے لئے وقف کریں ، گھروں میں اسلام نافذ کریں اور دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں،دنیا کی تکلیفوں اور مصیبتوں سے نجات مل جائے گی۔دوسری طرف تبلیغی اجتما ع کے دوسرے مرحلے میں شرکت کیلئے کراچی سے ٹرینوں پر مندوبین کی آمد کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا،ریلوے پولیس کی جانب سے سٹیشن پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے شہر اور گردونواح سے ہزاروں افراد نے پیدل شرکت کی ،نماز جمعہ کے بعد ہزاروں افراد نے اپنی زندگیاں دعوت وتبلیغ کیلئے وقف کرنے کا اعلان کردیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments