وراثت کا حق محض وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا:سپریم کورٹ
کسی وارث کی خاموشی، عدم دلچسپی وراثتی حق سے دستبرداری تصور نہیں ہوگا
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ وراثت کا حق مورث کی وفات کے ساتھ ہی وارث میں منتقل ہو جاتا ہے اور محض وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، تاہم وراثتی حصے کے حصول کے لیے قانونی چارہ جوئی پر قانونِ میعاد 1908ء کا اطلاق ہوگا، شریک وارثوں کے درمیان مدتِ میعاد کا آغاز اس وقت ہوگا جب کسی وارث کو اس کے حق کی واضح تردید اور حق سے محرومی کے اقدام کا علم ہو جائے ۔جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے وراثتی جائیداد کے حصوں سے متعلق متعدد اپیلوں اور درخواستوں پر اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی وارث کو محض اس بنیاد پر وراثت سے محروم نہیں کیا جا سکتا کہ اس نے طویل عرصے تک اپنا حصہ طلب نہیں کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اگر کوئی وارث اپنی زندگی میں وراثتی حصے کے حصول کے لیے مقدمہ دائر کیے بغیر وفات پا جائے تو اس کے قانونی ورثا بھی اس کا دعویٰ آگے بڑھا سکتے ہیں، بشرطیکہ اصل وارث کے خلاف مدتِ میعاد ختم نہ ہوئی ہو۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ کسی وارث کی خاموشی، عدم دلچسپی یا طویل عرصے تک اپنا حصہ طلب نہ کرنا وراثتی حق سے دستبرداری تصور نہیں ہوگا۔
حق سے دستبرداری ثابت کرنے کے لیے یہ دکھانا ضروری ہے کہ وارث نے شعوری اور رضاکارانہ طور پر اپنا حق چھوڑا تھا۔عدالت نے قرار دیا کہ اگر وراثتی جائیداد کسی تیسرے شخص کو فروخت کر دی جائے اور خریدار نے پوری قیمت ادا کرکے نیک نیتی سے جائیداد حاصل کی ہو اور اسے ملکیت میں قانونی نقص کا علم نہ ہو تو اس کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا،ایسے معاملات میں خریدار کی نیک نیتی، ادائیگی، قبضے کی مدت اور دیگر متعلقہ حالات کا جائزہ لیا جائے گا،فیصلے میں زرعی اراضی، شہری جائیداد اور غیر سیٹل شدہ علاقوں کی زمینوں میں وراثتی تنازعات کی نوعیت مختلف قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہر قسم کی جائیداد کے ریکارڈ، ملکیت کی منتقلی اور وارث کو اس کے حق سے محروم کرنے کے طریقہ کار کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ فیصلے کا مقصد تمام قانونی وارثوں کے حقوق کا تحفظ اور جائیداد کے معاملات میں استحکام کے درمیان توازن قائم کرنا ہے ، نہ کہ جعلی دعوئوں کی حوصلہ افزائی یا دیانت دار خریداروں کے حقوق متاثر کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments