سکوک بانڈ زاجرا میں شفافیت اور تیزی کیلئے ایسٹ رجسٹری کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ

سکوک  بانڈ  زاجرا  میں  شفافیت  اور  تیزی  کیلئے  ایسٹ  رجسٹری  کمپنی  قائم  کرنے  کا فیصلہ

آئی ایم ایف سے مجوزہ کمپنی کے قیام پر مشاورت مکمل کر لی گئی ، سرکاری اور نجی اثاثوں کا مرکزی رجسٹر تیار کیا جائے گا موٹرویز، عمارتوں، پاور پلانٹس اور زمین سمیت اثاثوں کی ملکیت، مالیت اور قانونی حیثیت کی تصدیق کی جائے گی 2025 میں دو ٹریلین مقامی سکوک جاری:وزیر خزانہ ، اسلامی فنانسنگ کا حصہ 25فیصد تک پہنچ گیا،گورنر سٹیٹ بینک

اسلام آباد (مدثر علی رانا) باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے سکوک بانڈز کے اجرا کو آسان، شفاف اور تیز بنانے کے لیے ایسٹ رجسٹری کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ مجوزہ کمپنی کا قیام کیپٹل مارکیٹ کی ترقی اور اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات کا حصہ ہے ۔نئی کمپنی سکوک کے اجرا کے لیے درکار سرکاری اور نجی اثاثوں کی رجسٹریشن، تصدیق اور نگرانی کی ذمہ دار ہوگی۔ سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکوک روایتی بانڈز کے برعکس سود پر مبنی نہیں ہوتے بلکہ کسی حقیقی اثاثے کی ملکیت اور اس سے حاصل ہونے والے منافع سے منسلک ہوتے ہیں۔ اس لیے ہر سکوک کے اجرا کے لیے کسی اثاثے کی شناخت، ملکیت کی تصدیق اور اسے سکوک ہولڈرز کے لیے ٹرسٹ میں رکھنا ضروری ہوتا ہے ۔حکومت اور سرکاری اداروں کے ایسے اثاثے جو سکوک کے اجرا کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں، ان میں موٹرویز، عمارتیں، پاور پلانٹس اور زمین شامل ہیں۔ ان تمام اثاثوں کا مکمل ریکارڈ مرکزی رجسٹری میں محفوظ کیا جائے گا۔ ہر اثاثے کی ملکیت، مالیت اور اس پر موجود قرض یا کسی دوسرے دعوے کی جانچ پڑتال ہوگی تاکہ ایک ہی اثاثے کو دوبارہ سکوک کے اجرا کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے ۔

اس کے علاوہ اجرا سے لے کر میچورٹی تک تمام ریکارڈ برقرار رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سکوک کے لیے مختص اثاثے کا شرعی اصولوں کے مطابق ہونا بھی ضروری ہے ۔ ایسٹ رجسٹری کمپنی اس امر کو یقینی بنائے گی کہ متعلقہ اثاثہ اجارہ، مشارکہ یا ہائبرڈ سکوک کے شرعی ڈھانچے سے مطابقت رکھتا ہو۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ اس وقت ہر سکوک کے اجرا کے لیے مختلف محکموں سے اثاثوں کی الگ الگ منظوری لینا پڑتی ہے جس میں کافی وقت صرف ہوتا ہے ۔ ایسٹ رجسٹری کمپنی کے قیام سے یہ عمل تیز اور آسان ہو جائے گا۔حکام کے مطابق پاکستان میں سکوک کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ نئی کمپنی کے قیام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور سکوک کا اجرا زیادہ شفاف ہو سکے گا۔ اس کے نتیجے میں حکومت کو نسبتاً کم شرح منافع پر زیادہ سرمایہ حاصل کرنے اور اسلامی بینکوں و مالیاتی اداروں کو سرمایہ کاری کے مزید مواقع میسر آنے کی توقع ہے ۔ذرائع کے مطابق کمپنی کے قیام کے لیے وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور وزارت قانون مشترکہ طور پر قانونی اور شرعی فریم ورک تیار کریں گے ۔ کمپنی وزارت خزانہ کی ملکیت ہوگی۔ حکومت کا ہدف ہے کہ مستقبل میں سکوک کا اجرا اسی کمپنی کے ذریعے کیا جائے تاکہ پاکستان کی اسلامی کیپٹل مارکیٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایسٹ رجسٹری کمپنی کے قیام کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بات چیت ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں تیار کردہ فریم ورک بھی عالمی مالیاتی ادارے کو بھیجا جائے گا جس پر مزید مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے میزان بینک کی جانب سے دس ٹریلین روپے کے ساورن سکوک کے سنگ میل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میزان بینک کا دس ٹریلین روپے کا سکوک اسلامی مالیاتی نظام اور شریعہ کمپلائنٹ کیپٹل مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ترقی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں اسلامی فنانسنگ کا حصہ 25 فیصد جبکہ ٹرانزیکشنز کا حصہ 30 فیصد تک پہنچ چکا ہے ۔ سال 2025 کے دوران دو ٹریلین روپے سے زائد کے مقامی سکوک جاری کیے گئے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسلامی فنانسنگ کا سفر آگے بڑھ رہا ہے اور گزشتہ سال دو ٹریلین روپے کے سکوک جاری کیے گئے ۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سکوک کے اجرا میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت سکوک مارکیٹ کو ساورن فنانسنگ انسٹرومنٹ بنانے کے لیے کام کر رہی ہے ۔ چیئرمین شریعہ بورڈ میزان بینک مفتی تقی عثمانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت بھی ملک کو سود سے پاک کرنا ہے اور 2029 تک معیشت کو غیر سودی نظام پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...