صوبوں سے متعلق ریفرنڈم کی آئین میں گنجائش موجود، کھیئل داس
تھرپارکر (نمائندہ دنیا)وزیر مملکت مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی کا کہنا ہے کہ صوبوں سے متعلق ریفرنڈم کی آئین میں گنجائش ہے۔ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے ، ترقیاتی فنڈز نچلی سطح تک پہنچنے چاہئیں، گورننس بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ تاحال سامنے نہیں آیا، تھر میں خشک سالی پر وزیراعظم سے امداد اور فنڈز کی درخواست کی، پینے کے پانی کی قلت تھر کا بڑا مسئلہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھی پاکستان مسلم لیگ (ن) تھرپارکر کے زیر اہتمام ‘‘ایک دھرتی، ایک شناخت، میرا پیارا پاکستان’’ کے عنوان سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں رہنے والے ہندو اپنی اور پاکستان کے دشمن مودی کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہندوؤں کی آزادی کے حوالے سے بھارتی دعوے جھوٹے ہیں۔ یہاں ہندو برادری مکمل آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی تہوار مناتی اور ملک سے وفاداری کا اظہار کرتی ہے ۔ مجھے فخر ہے کہ میں پاکستانی ہندو ہوں اور اپنی دھرتی ماں پاکستان سے محبت کرتا ہو۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف سازشیں کیں، اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا اور دہشت گردی کو مذہب سے جوڑنے کی کوشش کی۔
لیکن بھارت کے یہ الزامات غلط ثابت ہوئے ۔ تھر کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز قائم کیوں نہیں کیے جا رہے ؟ بہتر زندگی، تعلیم اور صحت کی سہولیات تھرپارکر کے عوام کا بنیادی حق ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ملنے والے فنڈز ضلعی سطح تک منتقل ہونے چاہئیں۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لہٰذا تھر، کوہستان، حیدرآباد اور کراچی سمیت سندھ کے تمام علاقوں کو ان کے وسائل ملنے چاہئیں تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر داخلہ نے اہم کردار ادا کیا۔ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے پیپلز پارٹی، صدر آصف علی زرداری سمیت تمام سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments