صدر، وزیراعظم کا تمام معاملات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

صدر، وزیراعظم کا تمام معاملات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

آئینی ترامیم مشاورت سے ہوئیں،آئندہ بھی ملکرحل نکالیں گے :ایوان صدر، شہباز کے بعد بلاول کی بھی صدر سے ملاقات، تحمل پر اتفاق،پی پی کا اجلاس ملک دیوالیہ کے قریب تھا،آج زرمبادلہ ذخائر 27ارب ڈالر:وزیراعظم ،امریکی بزنس کونسل ، اجلاس سے خطاب،سیکرٹری جنرل آسیان کی ملاقات

اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں تمام معاملات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کرلیاگیا۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا،رہنماؤں نے دوران ملاقات کہا ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں،آئندہ بھی تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے اور ان کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔

صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات کے بعد ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سہیل انور سیال بھی شریک ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال بالخصوص متنازعہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں حکومت کے ساتھ پیپلز پارٹی کی قانون سازی کے مختلف امور سے متعلق ہونے والی بات چیت پر مشاورت ہوئی،اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام پر جاری بحث پر بھی گفتگو ہوئی۔صدر مملکت سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملکی سیاسی صورتحال کو تحمل سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔بلاول بھٹو صدر مملکت سے اہم ملاقات کے بعد کراچی واپس روانہ ہوگئے۔

اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کی تاریخ میں ایسا موقع کبھی نہیں آیا کہ جب ملک میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ایسی نتیجہ خیز شراکت داری قائم ہوئی ہو جیسی اب ہے ،کاش ایسا ہوتا تو یہ ملک بہت پہلے ترقی کر چکا ہوتا اور ہم قومی مفاد کی خاطرباہمی تعاون، ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے بامِ عروج چھو چکے ہوتے ۔امریکن بزنس کونسل پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاپاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے برآمدات میں اضافہ، نجی شعبے کو بااختیار بنانا اور ساختی اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ وہ سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات بڑھا کر ملکی معیشت کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔

انہوں نے کہا 2023ء میں پاکستان کو ڈیفالٹ کا سنگین خطرہ درپیش تھا تاہم آج ملک کے مجموعی ذخائر تقریباً 27 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد جبکہ پالیسی ریٹ ساڑھے 23 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے ۔ خلیجی بحران نے دنیا کی طاقتور ترین معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے ، اس کے باوجود پاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا 90 فیصد سے زائد حصہ بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے جس میں تیل، گیس، ایل این جی اور پٹرول شامل ہیں، اس کے باوجود ملک میں پٹرول پمپس پر ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی بلکہ حکومت نے معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سبسڈی پروگرام وضع کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات عام آدمی کی مشکلات، محنت اور مسلسل کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے میدانی علاقوں، سندھ کی وادیوں، بلوچستان کے دشوار گزار پہاڑوں اور خیبر پختونخوا کی برف پوش چوٹیوں میں رہنے والے غریب افراد کے لیے ایک وقت کی روٹی، ادویات، بچوں کی تعلیم اور لباس کا انتظام بھی مشکل ہے ۔ سردیوں میں ایک گرم کمرے کا انتظام کرنا بھی ان کے لیے بڑا مسئلہ ہوتا ہے ۔ بیوائیں اور یتیم لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔ ایسے حالات میں ملک کو ایک مشکل مگر منظم اقتصادی تبدیلی کے مرحلے سے گزارنا آسان نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ایک بہترین ٹیم اور مشترکہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان اس قدر نتیجہ خیز شراکت داری قائم ہوئی ہے ۔ اگر ماضی میں بھی قومی مفاد کے لیے ایسی ہم آہنگی، باہمی افہام و تفہیم کا مظاہرہ کیا جاتا تو پاکستان بہت پہلے ترقی کی منزلیں طے کرچکا ہوتا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے آسیان اور جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے ، نیز غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ خیر سگالی کو ٹھوس اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کیا جانا چاہیے ۔ مزید برآں پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے ،پی ایم او ایس کی شکل میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے حوالے سے ایک انتہائی مؤثر نظام تشکیل پا چکا ہے ۔ اس سسٹم کے تحت دئیے گئے اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...