ان لینڈ ریونیو پہلے لازمی رجسٹریشن، پھر ٹیکس عائد کرے : عدالت
اظہر کارپوریشن سے کروڑوں ٹیکس، سرچارج ،جرمانہ وصولی کے مطالبات کالعدم قرار اپیلیٹ ٹربیونل کا 2022ء کا فیصلہ برقرار، محکمہ ان لینڈ ریونیو کے تمام ریفرنسز خارج
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس محمد اجمل زاہد پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ٹیکس کے امور پر اصولی فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کسی بھی شخص یا کمپنی سے رجسٹریشن سے پہلے کے دورانیے کا سیلز ٹیکس اس وقت تک وصول نہیں کر سکتا جب تک کہ اس نے سیلز ٹیکس رولز کے تحت لازمی رجسٹریشن کا قانونی طریقہ کار مکمل نہ کر لیا ہو۔عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ رجسٹر کیا گیا شخص لازمی رجسٹریشن کی تاریخ سے ایکٹ اور رولز کے ماتحت ہوگا ، عدالت نے کہا کہ اگر کوئی شخص رجسٹریشن کا پابند ہے تو محکمہ پہلے اسے قانون کے مطابق لازمی رجسٹر کرے اور اس کے بعد ہی سیکشن 3 کے تحت ٹیکس عائد کرنے اور پچھلی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا آغاز کرے۔
عدالت نے حتمی ریمارکس میں کہا کہ مالیاتی قوانین کی تشریح ان کے واضح الفاظ کے مطابق ہونی چاہیے ۔ محکمہ فرضی رجسٹریشن کو حقیقی رجسٹریشن کا متبادل نہیں بنا سکتا، عدالت نے اپیلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے محکمہ ان لینڈ ریونیو کے تمام ریفرنسز خارج کر دئیے اور ٹربیونل کے 15 مارچ 2022ء کے احکامات کو برقرار رکھا۔ کیس کے پس منظر کے مطابق محکمہ نے اظہر کارپوریشن (پرائیویٹ)لمیٹڈ پر 2015ء سے 2019ء کے دوران بغیر رجسٹریشن کے گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائیز کا الزام لگاتے ہوئے کروڑوں روپے کا سیلز ٹیکس، ڈیفالٹ سرچارج اور جرمانے عائد کئے گئے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments