مخصوص نشست تنازع کا فیصلہ الیکشن ٹربیونل کریگا : آئینی عدالت

مخصوص نشست تنازع کا فیصلہ الیکشن ٹربیونل کریگا : آئینی عدالت

نامزدگی سے انکار پر کامیابی کالعدم نہیں کر سکتے ،عدالت،جے یوآئی کی اپیلیں مسترد PPSCسفارشات واپس نہیں لے سکتا:فیصلہ، سندھ و پختونخوا کا سیس غیر آئینی قرار

اسلام آباد (حسیب ریاض ملک، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ مخصوص نشست پر انتخابی تنازع کا فیصلہ الیکشن ٹربیونل ہی کرے گا، عدالت نے جے یو آئی کی اپیلیں مسترد کر دیں۔ مخصوص نشست پر منتخب رکن کی نامزدگی کو غیر قانونی قرار دینے اور کسی دوسری امیدوار کو کامیاب قرار دینے کا معاملہ الیکشن ٹربیونل کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ، محض پارٹی کی جانب سے نامزدگی سے انکار یا انتخابی فہرست میں نام کے اختلاف کی بنیاد پر نوٹیفائیڈ رکن کی کامیابی کالعدم نہیں کی جا سکتی۔ چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جمعیت علمائے اسلام اور حنا بی بی کی دائر اپیلوں پر فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 225 اور الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 139 کے تحت کسی منتخب رکن کا انتخاب چیلنج کرنے کیلئے انتخابی عذرداری دائر کرنا ضروری ہے ، ایسی عذرداری صرف اسی انتخاب کا امیدوار دائر کر سکتا ہے ۔ خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشست کیلئے جمعیت علمائے اسلام کی ترجیحی فہرست میں صدف یاسمین کا نام شامل تھا جبکہ الیکشن کمیشن نے 4 مارچ 2024 کو صدف احسان کو کامیاب قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا 9 جون 2026 کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا 28 جنوری 2026 کا حکم برقرار رکھا، ادھر وفاقی آئینی عدالت نے اہم فیصلے میں قرار دیا کہ پیپر لیک کے الزامات پر پنجاب پبلک سروس کمیشن امیدواروں کی بھرتیوں کی سفارشات واپس نہیں لے سکتا، عدالت نے امیدواروں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔ علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت نے سندھ اور خیبر پختونخوا میں عائد انفراسٹرکچر سیس سے متعلق سندھ ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ صوبائی قانون سازی کو آئینی دائرہ اختیار سے تجاوز اور غیر آئینی قرار دے دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...