پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب کیلئے آواز اٹھائی، اٹھاتی رہیگی : گورنر
اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی پروگرام سفید پوش طبقات کے لئے امید کی کرن 25جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب،نئے جوڑوں کومبارکباد
لاہور(اے پی پی) گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے گزشتہ روز یہاں گورنر ہاؤس میں 25جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب کا انعقاد المصطفی ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے زیر اہتمام کیا گیا۔ سلیم حیدر نے شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گورنر کی جانب سے نئے جوڑوں کو نقد سلامی اور جہیز کا سامان بھی دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ کوئی بھی مستحق فیملی اخراجات کی وجہ سے اپنی بچی کی شادی کرنے سے قاصر ہے تو وہ گورنر ہاؤس میں خاموشی سے رابطہ کرسکتے ہیں،اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی پروگرام کم وسیلہ اور سفید پوش طبقات کے لئے امید کی کرن ہیں۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کے لئے آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتی رہے گی۔تقریب سے المصطفی ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد، ایم ڈی نصرت سلیم نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور اس کار خیر کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments