بلاول کے بیانات، کیا نئے سیاسی اتحاد کی تیاری ہے ؟
صدر، وزیراعظم ملاقات معنی خیز، بلاول کی پیدا کردہ صورتحال خطرناک ہوسکتی
(تجزیہ:سلمان غنی)
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں بارے طرز عمل، سسٹم بارے تحفظات اور ریفرنڈم کی جگہ چھ ماہ کے اندر انتخابات کے مطالبہ نے سیاسی محاذ کو تناؤ اور ٹکراؤ کی صورتحال سے دوچار کیا ہے اور بہت سارے سوالات خود پیپلزپارٹی کی سیاست اور اس کے کردار پر اٹھ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی سسٹم کی بڑی سٹیک ہولڈر ہونے کے ساتھ سسٹم کی ناقد بھی ہے اور نئے صوبوں کے حوالہ سے انتہا پسندانہ طرز عمل کا شکار حکومت اور اتحادیوں سے بھی برسرپیکار ہے ،ایسے کیسے چلے گا۔ ویسے تو پیپلز پارٹی کی سیاست کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو باوجود پیپلزپارٹی کی چیئرمین شپ نوجوان بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہونے کے باوجود پیپلزپارٹی کے فیصلوں کا اصل اختیار صدر مملکت آصف علی زرداری کے پاس نظر آتا ہے اور اہم ایشوز پر تحفظات کے باوجود صدر مملکت آصف زرداری اپنے منصب کے تقاضوں کے پیش نظر زیادہ تر خاموشی اختیار کرتے نظر آتے ہیں اور ردعمل کے اظہار کے طور پر پیپلزپارٹی کے پاس بہت سے آپشنز بھی ہیں،لگ رہا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بہت سے اہم اور طے شدہ ایشوز پر بیانات کے ذریعہ خصوصاً نئے صوبوں کے ایشوز پرخون خرابہ تک ہونے اور کراچی کو متاثر ہونے کی بات کی اور اب انہوں نے ریفرنڈم کی بجائے اگلے چھ ماہ میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کرکے ایک نیا ایشوز کھڑا کر دیا ہے جس پر خود حکمران اتحاد بھی پریشان ہے اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کو اہم اور معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے جس میں وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔
مذکورہ ملاقات میں یقیناً بلاول بھٹو زرداری کے بیانات سے پیدا شدہ صورتحال بھی زیرغور آئی ہوگی اور خصوصاً نئے صوبوں کے حوالہ سے حکمت عملی کا جائزہ بھی لیا گیا ہوگا ،اس لئے کہ بنیادی طور پر اس فیصلہ میں بڑا کردار تو دونوں بڑی جماعتوں کا ہی ہوگا اور دونوں کی کوشش یہی ہوگی کہ اس حوالہ سے کوئی ایسا راستہ نکلنا چاہئے جس سے مسئلہ بھی حل ہو اور حکومت اور اتحادیوں پر آنے والے دباؤ سے نکلا جائے ۔ حکومت کے ذمہ دار حلقے اب کھلے طور پر یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کا طرز عمل قابل اعتراض بھی رہا ہے اور وہ سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے عمل کیلئے ایک نئی صورتحال پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہیں جو سب کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ زیادہ پریشانی خود پیپلزپارٹی کی نظر آتی ہے اور خود سندھ حکومت کے ترجمان شرجیل انعام میمن کا یہ بیان سامنے آیا ہے کہ پیپلزپارٹی کشیدگی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، فیصلے سڑکوں پر نہیں ایوانوں میں ہوں گے۔
جہاں تک سندھ کی تقسیم پر بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تقسیم پر دشمنی کی اور خونریزی کی بات ہے اسلام آباد کے بعض حلقوں کو بھی ہلا دیا ہے اور بعض ماہرین اسے فیصلہ ساز قوتوں کیلئے پیغام سمجھتے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آنے والے بیانات سے ان کی جماعت کے ذمہ داران یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ سندھ کی وحدت اور یکجہتی پیپلزپارٹی کی سیاسی بقا سے جڑی ہے اس پر کمپرومائز نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا اب پیپلزپارٹی کیلئے اصل امتحان یہ ہوگا کہ وہ اپنے چیئرمین کے بیان کردہ موقف پر کھڑی رہتی ہے یا سیاسی دباؤ میں اس سے پیچھے ہٹ جاتی ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ کچھ حلقے اس نکتہ پر کام کرتے نظر آ رہے ہیں کہ کیا بلاول بھٹو زرداری کے بیانات اور تحفظات کو ایوان صدر کی آشیرباد حاصل تھی اور اس حکمت عملی کا اصل ہدف کیا تھا اور اب اس حوالہ سے جو چہ مگوئیاں شروع ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عمران خان اور فضل الرحمن کے حوالہ سے گفتگو جس میں ان کے سیاسی کردار کی بات کی گئی نئے سیاسی اتحادکی تیاری تو نہیں ۔لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی موجودہ حالات میں اتنا بڑا رسک نہیں لے سکتی اس لئے کہ انہوں نے دیکھ لیا ہے کہ موجودہ حالات میں پختونخوا کی معقول حکومت کے خاتمہ پر ردعمل سامنے نہیں آیا تو سندھ میں کوئی بڑا رد عمل نہیں ہوگا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments