بچوں کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ، صدر ،وزیر اعظم
ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں بچے بلا خوف تعلیم حاصل کریں،آصف زرداری نونہالِ وطن کیلئے جذبہِ شفقت کا اظہار کرتا ہوں، شہباز شریف ،عالمی یوم اطفال پر پیغام
اسلام آباد (نامہ نگار)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم اطفال پر اپنے پیغامات میں کہا بچوں کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ، سرکاری اداروں، والدین، اساتذہ، معاشرے، سول سوسائٹی، میڈیا، علمائے کرام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مل کر گھروں، سکولوں، کام کی جگہوں اور ڈیجیٹل ماحول کو بچوں کے لیے محفوظ بنانا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں بچے خوف کے بغیر تعلیم حاصل کریں، عزت و وقار کے ساتھ پروان چڑھیں اور امید کے ساتھ اپنے مستقبل کی جانب دیکھ سکیں، غربت کو کسی صورت بچوں کے استحصال کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بچوں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستانی نونہالِ وطن کے لیے جذبہِ شفقت و محبت کا دِلی اظہار کرتا ہوں۔ پاکستان آج اس عزم کی تجدیدِ کرتا ہے کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوو نما، علمی و فکری تربیت، اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ بچوں کے تحفظ کیلئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments