رہائشگاہوں سے سکیورٹی ہٹالی گئی، اسلام آبادگھرکے باہر پولیس کی ناکہ بندی:فضل الرحمن

رہائشگاہوں سے سکیورٹی ہٹالی  گئی، اسلام آبادگھرکے باہر  پولیس کی ناکہ بندی:فضل الرحمن

اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے، دنیا نیوز)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں رہائشگاہوں سے تمام سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں رہائشگاہ کے باہر پولیس نے ناکہ بھی لگادیا ہے اور گھر آنے والے مہمانوں سے پوچھ گچھ ہورہی ہے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے ایک ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، پولیس نے ناکہ لگا رکھا ہے اور پوچھنے کے باوجود کوئی نہیں بتا رہا کہ ناکہ کیوں لگایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون کے مطابق جو کہیں گے ، اس پر عمل کریں گے ، تاہم مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی کے حوالے سے فکرمند ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات یرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعینات پولیس کی تمام سکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔

سکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق گزشتہ رات گئے تک سکیورٹی برانچ کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی سکیورٹی کلوز کر دی گئی تھی جبکہ صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا کر سکیورٹی ڈیوٹیاں ختم کر دیں۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمن اور مولانا اسعد محمود کی سکیورٹی واپس لینے کو بدترین فسطائیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں پر درجنوں خودکش حملے ہو چکے ہیں، ایسے میں سکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی؟۔رجمان جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی فوری بحال کی جائے ۔اسلم غوری کے مطابق رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کی آڑ میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے ۔دریں اثنا پولیس نے 7 نومبر کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اجتماعات کے بعد درج مقدمے میں مولانا فضل الرحمن کے سیکرٹری مفتی ابرار احمد کے عدالتی وارنٹ کی تعمیل کروا دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...