مولانا کی کردار کشی بند،انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں، جے یوآئی

مولانا کی کردار کشی بند،انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں، جے یوآئی

معاملات تصادم کے بجائے مذاکرات سے ذریعے حل کئے جائیں، مولانا راشد سومرو مولانا فضل الرحمن کی کردار کشی مہم،سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام سندھ کے زیر اہتمام اتوار کوگرومندر چورنگی، جامعہ بنوری ٹاؤن کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے گھر کے تقدس کی پامالی، ان کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مہم اور سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری   جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی کردار کشی کا سلسلہ فوری بند اور انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں، وہ ایک قومی سیاسی رہنما ہیں، ان کی حفاظت اور عزت کا دفاع جے یو آئی کی ذمہ داری ہے ، ملکی سلامتی اور سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم قائد جمعیت کے ساتھ تجدید عہد وفا کے لئے جمع ہوئے ہیں، حالات جیسے بھی ہوں ہم مولانا فضل الرحمن کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا جے یو آئی نے ملک کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی ہے ، ہم نے مذہبی طبقے کو بندوق کے بجائے ووٹ کی پرچی کا راستہ دکھایا اور انہیں پارلیمان تک پہنچایا، ہم آج بھی ملکی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان ، مولانا غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی عبدالحق عثمانی ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا فیض الحق ، مفتی محمد خالد ، مولانا نور الحق ، مفتی لئیق اسعدی، فاروق حسن زئی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے کے اختتام پر شرکا نے مولانا فضل الرحمن کے حق میں اور ان کے خلاف کردار کشی کی مہم کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ملک کے سیاسی و قومی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...