گورونانک کا جنم دن: 3ہزار بھارتی سکھ یاتری ننکانہ پہنچ گئے
تقریبات جاری، بھارت کرتارپور راہداری فوری کھول دے : رمیش سنگھ اروڑہ پاکستان میں گور و دوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں:سردار کلدیپ سنگھ
ننکانہ صاحب،لاہور (خبر نگار ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری ننکانہ پہنچ گئے ۔ واہگہ کے راستے پاکستان آنے پر یاتریوں کا چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، صوبائی وزیر و پردھان پاکستان سکھ گور و دوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ ننکانہ صاحب آمد پر ڈپٹی کمشنر رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد سمیت ضلعی افسران نے ان کا خیرمقدم کیا۔ مذہبی تقریبات میں اندرون و بیرون ممالک سے 25 ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کر رہے ہیں۔
پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت کرتارپور راہداری فوری کھول دے ۔ بھارت سے آئے اکال تخت کے جتھہ لیڈر سردار کلدیپ سنگھ گڑگج نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے ، پاکستان سے عقیدت کا رشتہ ہے اور یہاں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا جاتا ہے ۔ پاکستان میں ہمارے گورو دوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں، جس کے لیے وہ حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور سکھ گورو دوارہ پربندھک کمیٹی کے شکرگزار ہیں۔ دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر پرمجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارے گورو کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments