پیپلز پارٹی نئے صوبوں بارے مشاورت پرآمادہ دکھائی دیتی
صدر زرداری جانتے ہیں ،مقتدرہ سے مزاحمت نہیں مفاہمت میں فائدہ
تجزیہ (سلمان غنی)
ایوان صدر میں صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے کسی خاص شخصیت کی محسن نقوی کی موجودگی کا سیاسی حلقوں میں شہرہ ہے مگر قطع نظر اس بات کے کہ ملاقات کس شخصیت سے کیونکر ہوئی اور اس میں کیا ہوا ،البتہ یہ ضرورہوا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی مفاہمتی سیاست سے ہی رجوع کیا ہے اور طے ہوا ہے کہ نئے صوبوں کے عمل کے حوالے سے معاملات مشاورت سے ہی طے ہوں گے اور مزاحمتی بیانیہ والی کوئی بات نہیں، ویسے بھی اگر پیپلز پارٹی کی سیاست کا تجزیہ کیا جائے تو پیپلز پارٹی 2008 سے مفاہمتی سیاست پر گامزن ہے اور اس بنیاد پر بہت سے ثمرات سمیٹتی آئی ہے اور سمیٹ رہی ہے ، اس لئے کہ اس کے محرک صدر آصف علی زرداری ہیں اور انہوں نے ماضی میں مقتدرہ کو چیلنج کر کے اینٹ سے اینٹ بجانے کے دعوے کرنے کے بعد ان کے تلخ نتائج بھگتے مگر بعد ازاں اس بات سے رجوع کیا کہ مقتدرہ سے مزاحمت نہیں مفاہمت میں ہی فائدہ ہے اور ان کے ذریعے ہی اقتدار تک پہنچنا ممکن ہے لہذا گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں بھی برسراقتدار ہے۔
صدر مملکت کے منصب پر دوسری دفعہ آصف علی زرداری یہ ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں اور آج کی پیپلز پارٹی بھی کھڑی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہے مگر دیکھتی صدر آصف علی زرداری کی طرف ہے جو اقتدار میں سے بھی حصہ بحیثیت جثہ حاصل کر لیتے ہیں اور اہم ایشوز پر مفاہمتی کردارکا کریڈٹ بھی لے لیتے ہیں ،حال ہی میں نئے صوبوں کی بحث میں پیپلز پارٹی نے سندھ کی تقسیم کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات ظاہر کئے ،سندھ اسمبلی سے قراردار بھی منظور کر دی ،مقصد نئے صوبوں کا راستہ روکنا اور متعلقہ اداروں تک پیغام رسانی تھی اور پھر اب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی اپنے مخصوص انداز میں اپنے دھواں دار خطاب کے ذریعے جلتی پر تیل ڈالا اور سندھ تقسیم پر خون خرابہ کی بات کر کے خطرے کی گھنٹی بجائی تو یہ پیغام دراصل ان فورسز کے لئے تھا جو خون خرابہ پر حرکت میں آتی ہیں اور ایسے عزائم ظاہر کرنے والوں کو بتاتی ہیں کہ اس ملک میں ایسا کرنے کی اجازت نہیں اور بلاول بھٹو کے ان بیانات نے خود پیپلز پارٹی کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments