ایک کمپنی کے 3مختلف آڈٹ شدہ گوشوارے ، تحقیقات کا حکم
آڈٹ فرموں کے ناموں، لیٹرہیڈز کے غیر مجاز استعمال پر مشترکہ مطالعہ کی ہدایت کمزور آڈٹ نظام خطرہ، ٹیکس محتسب کی گوشواروں کی ڈیجیٹل تصدیق کے نظام کی تجویز
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے ایک کمپنی کے ایک ہی مالی سال کے 3 مختلف آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے سامنے آنے اور ان میں منافع، بینک بیلنس اور ذخائر کے اعداد و شمار میں فرق کا نوٹس لیتے ہوئے آڈٹ اور کارپوریٹ رپورٹنگ کے نظام میں خامیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔وفاقی ٹیکس محتسب کے اعلامیے کے مطابق تحقیقات میں آڈٹ فرموں کے ناموں اور لیٹرہیڈز کے غیر مجاز استعمال کا انکشاف بھی ہوا جس کے بعد سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان ، آڈٹ اوورسائٹ بورڈ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مشترکہ مطالعہ کی ہدایت کی گئی ہے۔
ملک میں تقریباً 3 لاکھ رجسٹرڈ کمپنیوں کے مقابلے میں صرف 20 ہزار آڈٹ رپورٹس پر شناختی نمبر موجود ہونا ایک بڑا فرق ہے جو آڈٹ اور مالیاتی رپورٹنگ کے نظام میں کمزوریوں کی نشاندہی کرتا ہے ۔ ٹیکس محتسب نے مالیاتی گوشواروں کی ڈیجیٹل تصدیق کیلئے مرکزی نظام قائم کرنے کی تجویز پر غور کی ہدایت کی اور کہاکہ کمزور آڈٹ نظام قومی خزانے کے تحفظ کیلئے خطرہ بن سکتا ہے ، شفافیت اور موثر نگرانی ضروری ہے ۔ متعلقہ اداروں کو 15 دن میں ٹیم کیلئے نمائندے نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی جو 60 دن میں جامع رپورٹ اور سفارشات پیش کرے گی۔سیکرٹری ریونیو ڈویژن کو بھی 30 دن کے اندر تعمیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments