پختونخوا:ٹریفک حادثے میں خاندان کے 8سمیت 9 جاں بحق
تورغر کے علاقہ گیگانی کنڈو میں گاڑی کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا
اوگی، ایبٹ آباد (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے علاقے تورغر میں ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8سمیت 9افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 6 زخمی ہو گئے ۔ تورغر کے علاقے گیگانی کنڈو میں مسافر ڈاٹسن پک اپ گاڑی کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو 1122کے مطابق حادثے میں ڈرائیور حکیم ولد عبدالشکور، سمیع اللہ ولد محمد زرین، سخی ولد طور، عابد ولد سریم، ایک خاتون دختر صاحب زر، فضل رحیم ولد جمال اور عباد اللہ سمیت دیگر افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمیوں میں زوجہ عابد سکنہ موری شاتل، کریم کا بیٹا، شہید اللہ، سعید احمد، ایک خاتون، باچہ اور ایک مستری شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے لاشیں اور زخمی کھائی سے نکالے ۔ دشوار گزار مقام کے باعث امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، قیمتی جانوں کے ضیاع پر پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments