پنجاب :سکولوں میں میڈیا کے داخلے ،ویڈیو بنانے ،فوٹوگرافی پر پابندی
پرنٹ ، ڈیجیٹل اور الیکٹرک میڈیا نمائندے پیشگی اجازت کے بغیر داخل نہیں ہو سکیں گے احکامات کی خلاف ورزی پر ملازمین کیخلاف پیڈا کے تحت کارروائی :نوٹیفکیشن
لاہور (خبر نگار،اے پی پی)محکمہ سکول ایجوکیشن حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا نمائندوں کے داخلے ، ویڈیو بنانے اور فوٹوگرافی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں پرنٹ میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا اور ٹی وی میڈیا کے نمائندے پیشگی تحریری اجازت کے بغیر داخل نہیں ہو سکیں گے ،بچوں کی ویڈیوز بنانے کے لیے والدین یا سرپرستوں کی رضامندی بھی لازمی ہوگی، بچوں کی شناخت ظاہر کرنے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، غیر مجاز میڈیا کوریج پر قانونی کارروائی جبکہ سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ،غیر مجاز انٹری یا کوریج کے واقعات پر متعلقہ سی ای او ایجوکیشن کو فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سکولوں میں غیر مجاز داخلے کی صورت میں متعلقہ میڈیا چینل اور نمائندوں کی تفصیلات جمع کی جائیں گی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور وزیٹر رجسٹر بھی محفوظ رکھے جائیں گے ،نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں تعزیرات پاکستان (PPC) کی دفعات 441، 447 اور 186، پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 (PECA) کی دفعات 20، 21، 24 اور 26-A کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے ۔مزید برآں غفلت یا احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب سرکاری ملازمین کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی،ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ2006 (PEEDA Act) کے تحت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، سکول سربراہان کو وزیٹر مینجمنٹ اور سکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments