بچوں کے حوالگی معاملات میں اہم چیز ان کی فلاح و بہبود :ہائیکورٹ
بچوں کے حقوق، جذبات کا تحفظ بھی عدالتوں کی ذمہ داری :جسٹس عثمان غنی 2 بھائیوں کو دادی کے حوالے کرنے کے ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار
لاہور (کورٹ رپورٹر )دو کمسن بھائیوں کی حوالگی کا تنازع، لاہور ہائیکورٹ نے دونوں بچے دادی کے حوالے کرنے سے متعلق گارڈین کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیدئیے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ نے نبیلہ ضیاء کوثر کی درخواست پر 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ بچوں کی حوالگی کے معاملات میں سب سے اہم چیز ان کی فلاح و بہبود ہے ، بچوں کو محض والدین یا رشتہ داروں کی ملکیت نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ ان کے اپنے حقوق، جذبات اور ضروریات ہیں جن کا تحفظ عدالتوں کی ذمہ داری ہے ۔عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار نبیلہ ضیاء کوثر کی بیٹی فاطمہ ضیاء کی شادی 2016 میں محمد عثمان سے ہوئی تھی، شادی سے دو بیٹے عبدالرحمن اور محمد موسیٰ پیدا ہوئے ، 24 نومبر 2022 کو فاطمہ ضیاء کو قتل کر دیا گیا۔
جس کے بعد بڑا بیٹا عبدالرحمن اپنی دادی زرینہ بیگم جبکہ چھوٹا بیٹا محمد موسیٰ اپنی نانی نبیلہ ضیاء کوثر کے پاس رہنے لگا، بچوں کا والد 15 سال سے اٹلی مقیم ہے اور اس نے دوسری شادی بھی کر رکھی۔فیصلے کے مطابق نانی نے بڑے نواسے عبدالرحمن کی حوالگی کے لیے گارڈین کورٹ سے رجوع کیا جبکہ بچوں کے والد اور دادی نے چھوٹے بیٹے محمد موسیٰ کی حوالگی کیلئے درخواست دائر کردی ۔ گارڈین کورٹ گجرات نے 29 جون 2024 کو بڑے بچے کی حوالگی کی درخواست مسترد جبکہ چھوٹے بچے کو بھی دادی کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا ۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے بھی ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا، لاہور ہائیکورٹ نے دونوں ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمات دوبارہ گارڈین کورٹ گجرات کو بھجوا دئیے اور دونوں مقدمات کا فیصلہ 90 روز کے اندر کرنے کی ہدایت کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments