فراڈکاالزام لگانے والے کواسے ثابت کرناہوگا:سپریم کورٹ
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)فراڈ کا الزام لگانے والے پر اسے ٹھوس شواہد سے ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،فراڈ اور جعلسازی کے الزامات ثابت کرنے کے لیے محض عمومی دعوے کافی نہیں۔۔۔
بلکہ الزام لگانے والے فریق کو متعلقہ واقعات، تاریخوں اور دیگر ضروری تفصیلات کے ساتھ قابلِ اعتماد شواہد پیش کرنا ہوں گے ، سول مقدمات میں فراڈ ثابت کرنے کا ابتدائی بوجھ الزام لگانے والے پر ہوتا ہے ۔سپریم کورٹ نے یہ قانونی اصول واضح کرتے ہوئے زمین کی خرید و فروخت کے معاہدوں سے متعلق پانچ درخواستیں منظور کر لیں اور لاہور ہائیکورٹ کے 29 مئی 2015 کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے سول جج سرگودھا کے 3 اکتوبر 2005 کے فیصلے بحال کر دیئے ، جسٹس نعیم اختر افغان نے تحریر کردہ فیصلے میں قرار دیا کہ متوفی شاہ زمان کے قانونی ورثا اپنے والد کی جانب سے کزن آفتاب احمد کے حق میں جاری کردہ رجسٹرڈ مختارنامے کو جعلی ثابت کرنے میں ناکام رہے ، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پانچوں درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں اپیلوں میں تبدیل کر دیا اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سرگودھا کے 24 اپریل 2006 اور لاہور ہائیکورٹ کے 29 مئی 2015 کے فیصلے کالعدم قرار دے دیئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments