تھرڈپارٹی کے ذریعے بھرتی ہو نیوالا مستقلی کا حقدار نہیں: آئینی عدالت ، NIRCاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا لعدم

 تھرڈپارٹی کے ذریعے بھرتی ہو نیوالا مستقلی  کا حقدار نہیں: آئینی عدالت ، NIRCاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا لعدم

کنٹریکٹ کے تحت کام کرنیوالے کومستقل تسلیم کرنا معاہدے کی نفی، جسٹس عامر فاروق کافیصلہ،جسٹس روزی خان کااتفاق آؤٹ سورسنگ کا لیبل ملازم کے قانونی حقوق ختم نہیں کر سکتا ، اصل صورتحال کو مدنظر رکھنا ضروری ،جسٹس ارشدکااختلافی نوٹ

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدا لت نے قرار دیا ہے کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی ہونے والا ملازم محض طویل عرصے تک ملازمت کرنے یا نو ماہ سے زائد کام کرنے کی بنیاد پر مستقل ہونے یا ملازمت کی ریگولرائزیشن کا حق دار نہیں بن جاتا، قانون یا متعلقہ پالیسی کے بغیر کسی ملازم کو مستقل کرنے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔وفاقی آئینی عدالت نے اسٹیٹ بینک پاکستان کیس میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی)اور ہائی کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ تھرڈ پارٹی معاہدے کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ملازم تسلیم کرنا فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی نفی کے مترادف ہے ۔جسٹس عامر فاروق نے 18 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جبکہ جسٹس روزی خان نے ان سے اتفاق کیا۔ جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے الگ اختلافی نوٹ تحریر کیا۔

اکثریتی فیصلے میں قرار دیا گیا کہ مذکورہ کیس میں ملازم کی تنخواہ اور ملازمت سے برطرفی کے معاملات متعلقہ کنٹریکٹر کے اختیار میں تھے جبکہ اسٹیٹ بینک براہ راست اسے تنخواہ ادا نہیں کرتا تھا، اس لیے اسٹیٹ بینک کو ملازم کی ملازمت مستقل کرنے یا ریگولرائزیشن کا حکم دینا درست نہیں ۔ عدالت کے پاس بھی کسی ملازم کو مستقل کرنے کا اختیار نہیں، جب تک اس حوالے سے قانون یا متعلقہ پالیسی موجود نہ ہو۔عدالت نے قرار دیا کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ورک مین قرار دینا معاہدے کی بنیادی نوعیت کو تبدیل کرنے کے مترادف ہوگا۔دوسری جانب جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے اختلافی نوٹ میں قرار دیا کہ محض کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی یا آؤٹ سورسنگ کا لیبل کسی ملازم کے قانونی حقوق ختم نہیں کر سکتا بلکہ معاملے کی اصل صورتحال اور دستیاب شواہد کو مدنظر رکھنا ضروری ہے ۔اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 3، 4 اور 25 کے تحت حاصل قانونی تحفظات کو محض معاہدوں کے ذریعے غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا،این آئی آر سی اور ہائی کورٹ کے فیصلے درست تھے اور ان میں مداخلت کا کوئی جواز موجود نہیں تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...