پنجاب اسمبلی : فوت شدہ افراد کیخلاف مقدمات درج ہونے کا انکشاف
خواجہ سراؤں کے فنڈز اور سہولیات فراہمی کے حوالے سے ملک ارشد اور پارلیمانی سیکرٹری جعفر میں دلچسپ مکالمہ پنجاب میں کرپشن کی بات درست:پی پی رکن، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد یں منظور
لاہور(سیاسی نمائندہ،دنیا نیوز)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ سماجی بہبود و بیت المال کی کارکردگی پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے سوالات اٹھا دیے ، حکومتی رکن ملک ارشد اور پارلیمانی سیکرٹری جعفر علی ہوچہ کے درمیان خواجہ سراؤں کیلئے فنڈز اور سہولیات پر د لچسپ مکالمہ ، ایوان میں فوت شدہ افراد کے خلاف مقدمات درج ہونے کا انکشاف بھی ہوا ۔ اجلاس میں دو بل پیش ، ایک منظور جبکہ متعدد قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے 53 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرپرسن افتخار حسین چھچھر کی زیرصدارت ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران حکومتی رکن ملک ارشد نے کہا کہ ضلع ساہیوال میں غریب اور نادار افراد کیلئے مختص فنڈز خرچ نہیں کیے جا رہے ، معذور افراد اور خواجہ سراؤں کیلئے کوٹہ ہے نہ ہی انہیں امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری جعفر علی ہوچہ نے جواب دیا کہ ملک صاحب بار بار خواجہ سراؤں کا ذکر کر رہے ہیں، لگتا ہے آپ کی دلچسپی ان میں زیادہ ہے ۔ پینل آف چیئرپرسن افتخار چھچھر نے ان کی تقریر کا کچھ حصہ حذف کرتے ہوئے کہا کہ چیئر کے رویے کو زیر بحث لانے کی رولز اجازت نہیں دیتے۔
زیرو آور میں حکومتی رکن راجہ شوکت بھٹی نے انکشاف کیا کہ فیصل آباد کے تھانہ چک جھمرہ میں 50 کسانوں کو نامزد کیا گیا جن میں بعض افراد کئی سال قبل وفات پا چکے ہیں ،وزیر آبپاشی کاظم پیرزادہ مجھے ان لوگوں سے ملاقات کرا دیں جو مرے ہوئے ہیں۔ وزیر آبپاشی نے جواب دیا کہ آپ تو خود بتا رہے ہیں وہ فوت ہوچکے ، کیسے ملاقات کرا سکتا ہوں، آپ کے چکر میں مجھے جیل جانا پڑ جائے گا۔پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز چانگ نے بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیا اورکہا کہ صبح سے ایوان میں بیٹھے ہیں، کیا ہم بھیک مانگنے آئے ہیں؟ ،جب ہماری قیادت حکم کرے گی تو ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے اور آپ کی حکومت بھی قائم نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ میرے علاقے میں 20 ہزار افراد نے شوگر مافیا کے خلاف احتجاج کیا لیکن وزیراعلیٰ نے کوئی نوٹس نہیں لیا، وزیراعلیٰ کو عوامی مسائل کا حل پسند نہیں، مریم نواز کی وجہ سے ہمیں بھی فارم 47 کے طعنے ملتے ہیں، چودھری سالک حسین نے بھی کرپشن پر درست بات کی، پنجاب میں کرپشن ہے۔
اجلاس میں حکومتی رکن طارق سبحانی نے دی یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز لاہور ترمیمی بل 2026ء ،رانا محمد ارشد نے دی والڈ سٹی یونیورسٹی بل 2026ء آؤٹ آف ٹرن پیش کیا۔ علاوہ ازیں دی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل 2026ء ،منڈی بہاؤالدین کے 1941ء سے قائم قدیم ترین ہسپتال کی حیثیت فوری بحال کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی ۔جبکہ ذکیہ شاہنواز نے سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کے لیے ماہواری کے دوران حفظان صحت کی سہولیات بہتر بنانے ،حنا پرویز بٹ نے خواتین اور بچیوں پر ہر قسم کے تشدد کی مذمت کی قرارداد،رانا اورنگزیب نے مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کیلئے قانون سازی کی قرارداد نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد چیف وہپ رانا محمد ارشد نے پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔ ایجنڈ ا مکمل ہونے پر اجلاس آج بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیاگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments