چیف جسٹس کالاپتہ خواتین کی بازیابی کیلئے مخصوص ٹیمیں بنانیکا حکم

چیف جسٹس کالاپتہ خواتین کی بازیابی کیلئے مخصوص ٹیمیں بنانیکا حکم

2021سے 2025 تک ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے :آئی جی پنجاب آپ کی ناک کے نیچے اتنی خواتین لاپتہ ہوگئیں ،حیرت ہے :عدالت کے ریمارکس

 لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کیلئے مخصوص انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دینے ، لاہور کی  موجودہ ٹیم تبدیل کرنے اور خواتین پولیس افسران تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی صاحب سوچیں جن ماؤں کی بیٹیاں لاپتہ ہیں ان پر کیا گزرتی ہوگی، عدالت نے آئندہ سماعت پر اقدامات سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سلمیٰ بی بی کی بیٹی مقدس کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم عدالت پیش ہوئے اور خواتین کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کروائی۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سال 2021 سے 2025 تک خواتین کے لاپتہ ہونے کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 387 کیسز تاحال حل طلب ہیں، جبکہ سال 2026 میں 21 ہزار 956 کیسز رپورٹ ہوئے۔

جن میں سے ایک ہزار 781 کیسز حل ہونا باقی ہیں،اکثریتی کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ناک کے نیچے اتنی خواتین لاپتہ ہوگئیں، حیرت ہے ، خواتین کی بازیابی کے کیسز میں خواتین پولیس افسران تعینات کریں، آپ کا انویسٹی گیشن ونگ فعال نہیں، لاہور پولیس کی موجودہ ٹیم کام کرنے کے قابل نہیں تو اسے تبدیل کرکے اچھے افسر تعینات کریں جو کام کرسکیں، پولیس افسران کے گھروں میں ایسے معاملات نہیں ہوتے ، اس لیے شاید بچیوں کی بازیابی ان کا مسئلہ نہیں۔ چیف جسٹس نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ حکومت سے بات کرکے خواتین کی بازیابی کے لیے الگ ونگ اور مخصوص ٹیمیں تشکیل دینے سے متعلق ہدایات لے کر آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کریں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...