عمران خان کی صحت پر تشویش ، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیا جائے : تحریک انصاف
بانی پی ٹی آئی کا دونوں اپوزیشن لیڈرز پر مکمل اعتمادہے :لطیف کھوسہ نے کور کمیٹی کوملاقات پر بریفنگ دی نئے صوبوں پر تفصیلی مشاورت کی جائیگی، مرتب سفارشات فیصلے کیلئے بانی کو پیش کی جائیں گی:جاری اعلامیہ
اسلام آ باد (آئی این پی،این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 18 اگست کے سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کامطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کے وکیل رہنما سردار لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات ، ان کی ہدایات اورصحت سے متعلق بریفنگ دی ۔کورکمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ عمران خان نے دونوں اپوزیشن لیڈرز پرمکمل اعتماد کااظہار کیاہے اور سیاسی اتحاد کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمن سمیت دیگراپوزیشن جماعتوں سے بھی موثر رابطے کی ہدایت کی ہے ، وسیع ترسیاسی اتحاد تشکیل دے کر بھرپورسیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیاجائے۔
اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق کور کمیٹی نے بشریٰ بی بی کے علاج کے حوالے سے جاری عدالتی احکامات پر بھی فوری عملدرآمد،بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق زیر التوا درخواست فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔کور کمیٹی نے عمران خان کے چیف جسٹس سمیت 3 ججز کو لکھے خط پر بھی غور کیا اور کہا کہ جج صاحبان بانی پی ٹی آئی کے خط میں اٹھائے گئے معاملات کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیں،کور کمیٹی کو نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عمران خان کی ہدایات سے بھی آگاہ کیا گیا جس کے بعد کورکمیٹی ارکان نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام پرپارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تفصیلی مشاورت کی جائے گی، پارلیمانی پارٹی کی مرتب کردہ سفارشات فیصلے کیلئے بانی پی ٹی آئی کو پیش کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments