نئے صوبوں کا قیام ، تقریب میں موجود طلبہ کی اکثریت نے حمایت کر دی

 نئے صوبوں کا قیام ، تقریب میں موجود طلبہ کی اکثریت نے حمایت کر دی

صوبوں کی حدود میں تبدیلی کیلئے اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری آئینی تقاضا ، ریفرنڈم متبادل نہیں :ملک محمد احمد بااختیار بلدیاتی نظام ، طلبہ یونینز کا قیام بھی ضروری ہے :لیاقت بلوچ، سینئر صحافی سلمان غنی ، حفیظ اللہ نیازی کا بھی خطاب

لاہور(سیاسی نمائندہ)نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر لاہور میں تقریب کے دوران پہلی عوامی رائے بھی سامنے آگئی، اس حوالے سے نجی ہوٹل میں ’’اختیار کس کے پاس ہے ؟ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور ادارہ جاتی احتساب‘‘کے موضوع پر منعقدہ قومی مکالمے کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ہدایت کی نئے صوبوں کے حامی طلبہ نشستوں پر کھڑے ہو جائیں جس پر وہاں موجود طلبہ  کی اکثریت نے کھڑے ہو کر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر دی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین پاکستان میں واضح طریقہ کار موجود ہے ، آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے ، ریفرنڈم آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں ہو سکتا ۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو آئینی ترمیم کا اختیار حاصل ہے ، پنجاب کی تقسیم کے لیے بھی پنجاب اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے ،آئین میں واضح درج طریقہ کار کے مطابق ہی نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ ہونا چاہیے۔

پیپلز پارٹی نے 2012 میں پنجاب کی تقسیم اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق قراردادیں پارلیمنٹ میں پیش کی تھیں ،نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت نے کرنا ہے ، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت اس معاملے پر فیصلہ کر سکتی ہے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی یونٹس چھوٹے کرنا آئین اور جمہوریت کی مخالفت نہیں، نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ عوام کا آئینی اور جمہوری حق ہے ، تاہم صوبوں کی تعداد چار سے بڑھا کر آٹھ یا بارہ کر دینے سے بھی مسائل حل نہیں ہوں گے ، آئین پر عملدرآمد، آزاد عدلیہ اور گڈ گورننس کے بغیر نئے صوبوں کا قیام بے نتیجہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام خاندانوں کے چنگل سے باہر نہیں نکل رہا، انتظامی یونٹس چھوٹے کرنے کے باوجود سیاسی کشمکش میں اضافہ ہو سکتا ہے ، اس لیے بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنا ناگزیر ہے لیکن مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کوئی بھی بااختیار بلدیاتی نظام دینے کو تیار نہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ بااختیار بلدیاتی نظام بھی قائم کیا جائے ۔ طلبہ کو جامعات اور کالجوں میں اپنی قیادت منتخب کرنے کا جمہوری حق دیا جائے ،ملک میں نئی قیادت کے فروغ کے لیے بلدیاتی نظام اور طلبہ یونینز کا قیام ضروری ہے ۔ مکالمے سے سینئر صحافی سلمان غنی ، حفیظ اللہ نیازی نے بھی خطاب کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...