بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

ننکانہ صاحب کی مرکزی تقریب میں حمزہ شہباز کی بطورمہمان خصوصی شرکت سکھ قوم کیساتھ محبت اور عقیدت کا رشتہ ہمیشہ نبھاتے رہیں گے :ـ سابق وزیراعلیٰ

لاہور،ننکانہ صاحب (خبر نگار )بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے 557 ویں یوم پیدائش (پرکاش پورب )کی مرکزی تقریب ننکانہ صاحب میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی،مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلٰی و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف تھے ۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سکھ قوم کے ساتھ محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے ، جسے ہمیشہ نبھاتے رہیں گے ۔ سکھ قوم کے مذہبی مقامات ہمارے سانجھے ورثے کا حصہ ہیں۔ بابا گورو نانک دیو جی نے محبت، امن اور مساوات کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور گورو دواروں کی بحالی، تحفظ اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور مقدس مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے ۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے کہا کہ سکھ مذہب امن، محبت اور باہمی رواداری کا مذہب ہے ۔ دنیا بھر سے جتنے بھی سکھ یاتری پاکستان آنا چاہیں، حکومت پاکستان ان کا خیرمقدم کرے گی اور کسی سکھ یاتری کا ویزا مسترد نہیں کیا جائے گا۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان اور صوبائی وزیرسردار رمیشن سنگھ اروڑہ بھی شریک ہوئے ۔ تقریبات میں بھارت، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ اہل اسلام کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی کی مثال قائم کرتے ہوئے نگر کیرتن کے شرکاء کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...