لاہور : مولانا فضل الرحمٰن کی قیام گاہ کا محاصرہ ، بلاول کا فون ، اظہار یکجہتی
بار ایسوسی ایشنز بلارہیں،دانشوروں تک جانیکی اجازت نہیں:سربراہ جے یو آئی، حبس بے جا کی درخواست آج تک موخر وکلا کو للکارا گیا:سلما ن راجہ،ہم ریفرنڈم کیخلاف :گوہر،مائنس عمران نہیں ہونے دینگے :اچکزئی، آل پاکستان کانفرنس
لاہور(کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر ان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی،مولانا فضل الرحمن نے کہا ریاستی حصار میں ہوں، مجھے لاہور میں وکلا سے براہ راست خطاب کرنے نہیں دیا گیا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے فضل الرحمان کو فون کر کے اظہار یکجہتی کیا اور حکومتی اقدام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری قرار دیا۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان نے بھی فون کر کے اظہار یکجہتی کیا۔ خیال رہے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مولانا فضل الرحمن بھی مدعو تھے ، جس کیلئے وہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے اپنے دوست کی رہائشگاہ پر مقیم تھے جہاں پولیس ذرائع کے مطابق مولانا کی قیام گاہ کے اطراف میں 24 خواتین کانسٹیبلز ،18 ایس ایچ اوز ، 12 ڈی ایس پیز ،4 ایس پیز کو سکیورٹی و انتظامی ڈیوٹی سونپی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان روڈ کے اطراف اینٹی رائٹ فورس کے 210 اور ڈولفن فورس کے 180 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 540 مقامی پولیس اہلکاروں اور 78 اے ایس آئیز کو بھی ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے ۔مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کے قریب ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی ۔تاہم رات گئے مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کی طرف جانے والے راستوں سے کنٹینرز ہٹا دئیے گئے ۔ ادھر لاہورہائیکورٹ میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف پٹیشن آج بدھ کے روزتک موخرکردی گئی۔آل پاکستان کانفرنس سے بذریہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا آل پارٹیز کانفرنس سے روکنے کیلئے جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں ،مجھے دانشوروں تک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ،پورے ملک کی بار ایسوسی ایشنزمجھے بلا رہی ہیں ،ہم وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں،ہم نے وطن سے محبت کی ہے ہم نے وطن سے وفا کی ہے اور ہم نے کسی طاقتور کی غلامی کو قبول نہیں کیا ہے ،صوبوں کی معدنیات عوام کی امانت ہیں اس کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے ،ہم استقامت کے ساتھ اپنے منشور پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علماء اسلام ایک بہت بڑی کانفرنس کرنے جا رہی ہے لیکن اس وقت ہمارے کارکن پورے سرگودھا ڈویژن میں ریاستی جبر کی نشانے پر ہے ،لوگوں کے کاروبار بند کئے جا رہے ہیں دکانوں اور فلور ملوں کو سیل کیا جا رہا ہے ، بھکر اور میانوالی میں عہدے داران کو گرفتارکیا جارہا ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا مفادات کے پیچھے چلنے اور آئین کی من پسند تشریح سے عوام کے حقوق چھن جاتے ہیں، 1973 کے آئین میں اب تک 27 ترامیم ہو چکی ہیں، چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کو کمزور کیا گیا، عدلیہ بینچ اور بار کی تقسیم سے کمزور ہوئی، وکلا کی صفوں میں سیاست آنے سے بار کمزور ہوئی، ادارے کمزور ہوں تو طالع آزما آتے ہیں اور مارشل لاء نافذ کرتے ہیں۔ اب اٹھائیسویں آئینی ترمیم کی باتیں ہو رہی ہیں،اٹھائیسویں آئینی ترمیم پر ریفرنڈم کرانے کی باتیں ہو رہی ہیں، ہم ریفرنڈم کے خلاف ہیں، آئینی ترامیم کے معاملے پر عوامی بیداری کی تحریک چلانا ہوگی، عوام کو آئین اور عدلیہ کے تحفظ کی تحریک میں شامل ہونا پڑے گا،عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کا استحکام ناگزیر ہے ۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا عمران خان کو توڑنے اور تنہا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم وہ اور علامہ راجہ ناصر عباس مائنس عمران خان کا منصوبہ کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔
آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری آئینی اور سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں۔سیاسی رہنماؤں کو اپنی رائے کے اظہار اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا مولانا کو نظر بند کرکہ وکلاکو للکارا ہے وہ ہائیکورٹ کے مہمان تھے ،انہوں نے کہا 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل بند کمروں میں ہوا، آج سب لوگوں کو کہتا ہوں ہم سب غلام ہیں ،آپ جانتے ہیں قوم نے ووٹ عمران خان کو دیا تھا،لاہور شہر پر قہر برپا کیا گیا۔سینیٹرحامد خان نے کہا لاہور ہائیکورٹ ہر بار مارشل لا اور جبر کے دور میں کھڑی رہی ہے ، پاکستان میں جمہوریت پسند قوتوں کو ملکر آئین واپس لانا ہے ، اس وقت کوئی عدالتی نظام نہیں ہے ۔ آج پی پی پی اور ن لیگ حکمرانی کرنے کے قابل نہیں ہیں، اب نئی بات آ رہی ہے کہ ریفرنڈم کروانا ہے ، ان کے پہلے ریفرنڈم بھی فراڈ تھے ، ہم اس کی مزاحمت کریں گے ۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا عمران خان نے سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو دھوبی پٹکا لگایا۔
عمران خان پاکستان کی عوام کا محبوب لیڈر ہے ،عمران خان اور اسکے ساتھیوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا تھا اس پر کیا کوئی بولا؟ عمران کا مینڈیٹ چھین لیا گیا اور17 سیٹوں والوں کو اقتدار سونپ دیا گیا،یہ کہتے ہیں صوبے توڑنے ہیں،کیا وفاق بتائے گا کہ صوبوں نے اس کے ساتھ کیسے رہنا ہے ؟وفاق نے خود معاہدے کئے ہوئے ہیں اب خود معاہدے توڑ رہا ہے ۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا لاہور ہائیکورٹ بار کی یہ ایک اچھی کاوش ہے آج ہم دو ایجنڈوں پر اکٹھے ہوئے ہیں ،یہ درخواست کروں گا تمام پارٹیوں کو پھر ا کٹھا ہونا ہو گا ،مولانا فضل الرحمان نے بھی یہاں آنا تھا ،مولانا فضل الرحمان اور مولانا غفور حیدری کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ،ہم اکٹھے لاہور آ ئے تھے لیکن مجھے وکیل ہونے کا فائدہ مل گیا ۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل ساجد کریم نے کہا جن ترامیم کے حوالے سے آج بات کی جا رہی ہے ، آج تک ہمیں طعنہ دیا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی آئین کے خلاف ہے ، ہم نے اپنے 2 سینیٹرز کو پارٹی کے خلاف جانے پر پارٹی سے نکال دیا۔سینئر صحافی حامد میر نے کہا بھگت سنگھ نے جب بھوک ہڑتال کی تھی تو قائد اعظم نے اسکے مطالبات کی حمایت کی تھی،آج بھی سیاسی قیدیوں پر دہشت گردی اور قتل کا الزام ہے ،انھیں بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments