سینیٹ کمیٹی نے تعلیمی منصوبوں کی نامکمل بریفنگ مسترد کردی

سینیٹ کمیٹی نے تعلیمی منصوبوں کی نامکمل بریفنگ مسترد کردی

عالمی بینک کے 233 ملین ڈالر تعلیمی منصوبے کی مالی و زمینی تفصیلات طلب کی گئیں پانچ اجلاسوں سے غیرحاضر سیکرٹری مواصلات کو سمن جاری کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (سید قیصر شاہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے تعلیم کے شعبے میں غیر ملکی فنڈز سے جاری منصوبوں پر نامکمل بریفنگ مسترد کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تعلیم اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز تعلیم کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا جبکہ سیکرٹری مواصلات کی مسلسل پانچ اجلاسوں سے عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سمن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا۔کمیٹی نے 2018 سے تعلیم کے شعبے میں جاری اور مکمل ہونے والے غیر ملکی فنڈز کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ عالمی بینک کے 233 ملین ڈالر کے ایسپائر پروگرام پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کو اب تک 205.05 ملین ڈالر جاری ہوچکے ہیں جن میں سے 110 ملین ڈالر صوبوں کو گرانٹس کی صورت میں منتقل کیے گئے ۔حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد کورونا کے بعد طلبہ کی تعلیمی استعداد بحال کرنا، ٹیلی سکول اور ای تعلیم کو فروغ دینا، پسماندہ اضلاع میں کلاس رومز بہتر بنانا، طالبات کے سکولوں میں واش سہولیات فراہم کرنا اور اساتذہ کی تربیت کرنا ہے۔

تاہم کمیٹی نے صوبہ وار اور منصوبہ وار مالی تفصیلات، فزیکل ویری فکیشن ریکارڈ اور زمینی سطح پر منصوبوں کے اثرات کی تفصیلات نہ ہونے پر بریفنگ مسترد کردی۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور ارکان نے کہا کہ غیر ملکی قرضے بالآخر پاکستانی عوام نے ادا کرنے ہیں، اس لیے ان سے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں واضح بہتری نظر آنی چاہیے ۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں مکمل آڈٹ شدہ مالی اور فزیکل پیش رفت کی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کردی۔اجلاس میں درآمدات اور ٹیکس استثنیٰ سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ارکان نے 1120 ارب روپے کی رپورٹ شدہ درآمدات کے مقابلے میں ایف بی آر کے ریکارڈ میں 389 ارب روپے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ مناسب تصدیق اور موقع پر معائنے کے بغیر کھپت کے سرٹیفکیٹس اور ٹیکس استثنیٰ کیسے جاری کیے گئے ۔ کمیٹی نے محصولات کے تحفظ کے لیے مؤثر نگرانی اور احتساب کا نظام مضبوط بنانے پر زور دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...