وزیراعظم شہباز شریف کیلئے اپنی ٹیم کو متحد رکھنا بڑا امتحان
محسن نقوی ، رانا ثنا میں اختلافات نئے صوبوں کے معاملے تک محدود نہیں
(تجزیہ:سلمان غنی)
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روکنے کی ہدایت ظاہر کرتی ہے کہ حکومت نئے صوبوں کی تشکیل سمیت اہم قومی معاملات پر کسی قسم کے انتشار یا کنفیوژن کا تاثر نہیں دینا چاہتی، بظاہر یہ اقدام اتحادی جماعتوں اور حکومتی شخصیات کے درمیان اختلافات کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے ایک ہنگامی بریک ہے ۔ سوال یہ ہے کہ وزیراعظم کو وزرا کی بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے مداخلت کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ جبکہ وزیراعظم کی ہدایات صرف وفاقی وزرا تک محدود نہیں بلکہ صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی مثبت مکالمے کے فروغ اور باہمی تنقید سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے ، نئے صوبوں جیسے اہم اور حساس معاملے پر بعض اہم حکومتی شخصیات کے درمیان بیانات کی گولہ باری کے بعد ضروری تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنی ٹیم کو باہمی محاذ آرائی سے روکنے کے لیے کردار ادا کرتے ، اب دیکھنا یہ ہے کہ ان ہدایات کے بعد وزرا کے درمیان جاری کشیدگی کم ہوتی ہے یا نہیں،سیاسی تاریخ بتاتی ہے کہ مخلوط حکومتوں کے علاوہ یک جماعتی حکومتوں میں بھی اہم قومی معاملات پر وزرا اور پارٹی رہنماؤں کی آرا مختلف ہوتی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے درمیان اختلافات کو بھی صرف نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے تک محدود نہیں سمجھا جا سکتا۔
رانا ثنا اللہ ماضی میں وزیر داخلہ رہ چکے اور اب وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے سیاسی معاملات پر متحرک ہیں جبکہ محسن نقوی کی حکومتی اور مقتدرہ حلقوں میں مؤثر حیثیت بھی سیاسی منظرنامے کا اہم پہلو ہے ،محسن نقوی کی اتوار کے روز لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی معمول کا حصہ بن چکی ہے جبکہ دوسری جانب رانا ثنا اللہ اپنی جماعت کے سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے میڈیا پر سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔ دونوں شخصیات کے درمیان اختلافات اس وقت زیادہ نمایاں ہوئے جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بڑے سیمینار میں سسٹم کولیپس ہونے کی بات کی،ان کے اس بیان کو حکومت کے لیے ایک چارج شیٹ کے طور پر دیکھا گیا جس کے بعد رانا ثنا اللہ نے سسٹم کے دفاع اور اس حوالے سے تحفظات دور کرنے کی بات کی۔بعض حلقوں کا خیال ہے کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف اپنی حکومت اور نظام کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات کا بروقت نوٹس لیتے تو معاملات اس نہج تک نہ پہنچتے تاہم اب وزیراعظم کو اپنی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد کی نگرانی بھی کرنا ہوگی کیونکہ نئے صوبوں کے قیام پر پیش رفت کے لیے حکومتی سطح پر یکسوئی اور سنجیدگی ضروری ہے ، وزرا کو ایسے بیانات سے گریز کرنا ہوگا جن سے حکومت کے اندر اختلافات کا تاثر پیدا ہو، آنے والے دنوں میں بعض اہم معاملات پر محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان اختلافی آرا سامنے آنے کا امکان موجود ہے ، جس سے نمٹنا وزیراعظم شہباز شریف کے لیے ایک اہم آزمائش ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments