نجی زمین پر مزار بن جانے سے ملکیت محکمہ اوقاف کی نہیں بن جاتی : سپریم کورٹ

 نجی زمین پر مزار بن جانے سے ملکیت محکمہ اوقاف کی نہیں بن جاتی : سپریم کورٹ

وقف قرار دینے کیلئے مالک کا جائیداد کو مستقل مذہبی، فلاحی مقصد کیلئے وقف کرنا ضروری:تحریری فیصلہ حافظ آبادمیں نجی اراضی پرمحکمہ اوقاف کاقبضہ غیرقانونی قرار،تعمیرات کاانتظام اورقبضہ اصل مالک کودینے کاحکم

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی نجی زمین پر قبر یا مزار تعمیر ہوجانے اور وہاں عقیدت مندوں کی آمدورفت شروع ہونے سے زمین خودبخود محکمہ اوقاف کی ملکیت نہیں بن جاتی۔ وقف قرار دینے کے لیے مالک کی جانب سے جائیداد کو مستقل طورپر مذہبی، فلاحی یا نیک مقصد کے لیے وقف کرنا ضروری ہے ۔ عدالت نے ضلع حافظ آباد میں 5 کنال 3 مرلے نجی اراضی پر محکمہ اوقاف کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب کو زمین اور اس پر موجود تعمیرات کا انتظام، کنٹرول اور قبضہ اصل مالک محمدحسین کو فیصلے کی وصولی کے 30 روز کے اندر واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ قبضے کے نوٹیفکیشن کی بنیاد پر اراضی کے ریکارڈ میں کی گئی تبدیلیاں درست کی جائیں۔جسٹس شاہد وحید اورجسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے چیف ایڈمنسٹریٹراوقاف پنجاب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے 21 نومبر 2008 کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل خارج کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف کی جانب سے نجی اراضی کو وقف قرار دے کر قبضے میں لینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا تھا۔جسٹس شاہد وحید کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں وضاحت کی گئی کہ پنجاب وقف املاک آرڈیننس 1979 کی دفعہ 2(ای)کے تحت کسی جائیداد کو وقف قرار دینے کے لیے مستقل وقف کرنا بنیادی قانونی تقاضا ہے ،تاہم وقف کے لیے تحریری دستاویز کا ہونا لازمی نہیں، زبانی اعلان یا مالک کے طرز عمل سے بھی وقف ثابت کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے مالک کی جانب سے وقف کرنے کی نیت اور ملکیتی حقوق سے دستبرداری ثابت کرنا ضروری ہے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ دستیاب شواہد سے نہ تو زمین کو مستقل طور پر وقف کرنے کا عمل ثابت ہوا اور نہ ہی یہ ثابت ہو سکا کہ مذکورہ مقام زمانہ قدیم سے مذہبی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے ، جیسا کہ قانون کے تحت ضروری ہے ۔ محض زائرین کو آنے اور نذرانے دینے کی اجازت سے زمین کی ملکیت منتقل نہیں ہو جاتی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...