’’کھیر میں چھپکلی نہیں گری زہرملایا‘‘: 5افراد کی ہلاکت کا معمہ حل

’’کھیر میں چھپکلی نہیں گری زہرملایا‘‘: 5افراد کی ہلاکت کا معمہ حل

گھر والے مرضی کیخلاف شادی کرنا چاہتے اور تنقید کا نشانہ بناتے تھے :غلام فاطمہ مقدمے میں نامزد ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری:ڈی پی اوآفتاب پھلروان

قصور (نمائندہ دنیا) کنگن پور کے نواح میں 25 روز قبل والدین اور بہن بھائیوں کو زہریلی کھیر کھلا کر قتل کرنے اور کھیر میں چھپکلی گرنے کا ڈرامہ رچانے والی 17 سالہ لڑکی نے گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر کھیر میں زہر ملانے کا اعتراف کرلیا۔تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقے کنگن پور میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی پراسرار ہلاکتوں کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ پانچوں افراد کی موت چھپکلی کے زہر سے نہیں بلکہ کھیر میں مبینہ طور پر زہریلا کیمیکل ملانے کے باعث ہوئی۔ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پانچ افراد کے قتل کے الزام میں مقتولین کی سگی بیٹی غلام فاطمہ کو مرکزی ملزمہ قرار دیا گیا ہے ، جبکہ اس کے مبینہ ساتھی علی کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔

چند روز قبل پولیس لائن قصور میں ایک گفتگو کے دوران ڈی پی او نے اس شبہے کا اظہار کیا تھا کہ چھپکلی زہریلی نہیں ہوتی، اس لیے ممکن ہے کہ پانچ افراد کی موت چھپکلی کے باعث نہ ہوئی ہو۔ایس ایچ او تھانہ کنگن پور وحید عارف کے مطابق پانچ افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار 17 سالہ غلام فاطمہ نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ اس کے گھر والے اس کی مرضی کے خلاف شادی کرنا چاہتے تھے اور اسے ہر جگہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ملزمہ کے مبینہ بیان کے مطابق وقوعہ کے روز کھیر پکاتے وقت اس نے گھر میں موجود فصلوں پر اسپرے کرنے والا زہریلا کیمیکل کھیر میں ملا دیا۔ اس کے والد، والدہ، بہنوں اور دو بھائیوں نے کھیر کھائی تو اس نے کھیر میں چھپکلی گرنے کا ڈرامہ رچا دیا۔ بعدازاں اس کے والد، والدہ اور بہنوں کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ایک بھائی تاحال زیر علاج ہے ۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے محرکات، گھریلو تنازع اور دیگر ممکنہ کرداروں کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے ، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...