پاؤنڈ کیس، عمران ،بشریٰ کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست مسترد

 پاؤنڈ کیس، عمران ،بشریٰ کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست مسترد

171ملین پاؤنڈ آئے ،سپریم کورٹ کا حکم تھا رقم جمع کرائیں ،نقصان کہاں ہوا؟وکیل

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیوسٹریمنگ کی درخواست مسترد کردی ،عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اختیا ر کیا ہے کہ برطانیہ سے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں چار سال تک موجود رہی، جسے سرمایہ کاری کے ذریعے دگنا کیا گیا، اس صورت میں قومی خزانے کو نقصان کہاں ہوا؟ گزشتہ روز چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر جاری کیے گئے احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے ، بشریٰ بی بی کو صحت سے متعلق تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ اپریل 2026 سے 21 نومبر تک کا ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو الگ کمرہ اور منسلک باتھ روم بھی فراہم کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی کی لائیوسٹریمنگ کے لیے متفرق درخواست پر دلائل دینے کی اجازت طلب کی، چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی لائیو سٹریمنگ کی استدعا مسترد کی جا چکی ہے اور یہ معاملہ متعلقہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے سامنے زیر التوا ہے ، جب تک اس حوالے سے قواعد و ضوابط نہیں بن جاتے یہ ممکن نہیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ بانی کی عمر 74 سال ہے اور گزشتہ چار سال سے انہیں اور بشریٰ بی بی کو مختلف مقدمات کا سامنا ہے ،انہوں نے کہا کہ نیب نے بانی پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے گرفتار کیا، اگر نیب ایسا نہ کرتی تو 9 مئی کا واقعہ بھی پیش نہ آتا، اس انداز میں گرفتاری نہیں کرنی چاہیے تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سابق وزیراعظم کی عمر 74 سال ہے ، اس بات کو وہ سنہری حروف میں لکھ کر رکھنا چاہیں گے ، نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر نے سلمان صفدر کے بعض دلائل کو سیاسی بیانات قرار دیا، چیف جسٹس نے وکیل صفدر کو ہدایت کی کہ وہ اپنی درخواست کی حد تک دلائل دیں بعد ازاں عدالت نے لائیوسٹریمنگکی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ،سلمان صفدر نے سزا کے خلاف اپیل پر حتمی دلائل کا آغاز کر دیا اور کہا کہ مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف دو ملزموں کی حد تک مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی ،انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے 190 ملین نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے ، اسے 190 ملین پاؤنڈ کا کیس قرار دینا درست نہیں،ان کے موکل اور بشریٰ بی بی کے خفیہ ڈیڈ پر کوئی دستخط موجود نہیں ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ ایک خودمختار باڈی تھی اور چیئرمین نیب کے ماتحت نہیں تھا، اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ اگر اتنے بڑے اداروں اور وسیع کابینہ کو معاملے کا علم نہیں ہو سکا تو بانی کو کیسے معلوم ہو سکتا تھا۔

اور پھر خفیہ ڈیڈ میں ان کی معاونت کہاں سے آ گئی؟ انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کی زمین سوہاوہ کے دور دراز علاقے میں ہے ، کسی نے رشوت کے طور پر زمین حاصل کرنی ہو تو مہنگی جگہ پر حاصل کرتا ،مزید کہا کہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چار سال تک رہی اور سپریم کورٹ نے رقم کی سرمایہ کاری سے منافع حاصل ہوا اور رقم میں اضافہ ہوا،نقصان کہاں ہوا؟ قومی خزانے کو اس مقدمے کی مہنگی ترین پراسیکیوشن کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس مقدمے میں ہوتے تو کہتے کہ جس معاملے میں سپریم کورٹ خود شامل ہے ، اسے مقدمہ ہی نہیں بنایا جانا چاہیے تھا ، سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک منفرد مقدمہ ہے جس میں پاکستان سے رقم باہر لے جانے کے بجائے بیرون ملک سے رقم پاکستان لائی گئی۔ ان کے بقول اس کا کریڈٹ بانی پی ٹی آئی کو جاتا ہے کہ رقم پاکستان واپس آئی، لیکن آج وہ جیل میں ہیں ۔ مزید کہا کہ رقم کی منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم موجود تھا کہ رقم یہاں جمع کرائی جائے ،سپریم کورٹ کے علاوہ ایسا کون سا حکم تھا جس کے تحت رقم کسی دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل ہونی چاہیے تھی؟ اگر رقم غلط ہوتی تو وہ چار سال تک سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود نہ رہتی ، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لائیوسٹریمنگکی درخواست مسترد کردی جبکہ بانی کی اپیلوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...