خلائی سفر، صدر زرداری، شہبازشریف فیلڈ مارشل، شی جن کی مبارکباد

خلائی سفر، صدر زرداری، شہبازشریف  فیلڈ مارشل، شی جن کی مبارکباد

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی ہم منصب شی جن پنگ نے دونوں ملکوں کے خلائی تعاون میں تاریخی سنگ میل کے حصول پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے خطوط کا تبادلہ کیا ہے۔

 صدر زرداری نے لکھا کہ یہ کامیابی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کی غیر معمولی پیش رفت کے ساتھ ساتھ خلا کی پرامن تلاش اور استعمال میں بین الاقوامی تعاون کے لیے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ اقدام باہمی ترقی، مشترکہ مواقع اور اجتماعی پیش رفت کی بنیاد پر بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کے قیام کے وژن کی عملی تصویر ہے ۔ پاکستان کو اس تاریخی کامیابی پر بے حد فخر ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا ایک اور روشن ثبوت ہے ۔ چین کی خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے )اور پاکستان کے سپارکو کے درمیان تعاون نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کامیابی نوجوان پاکستانی نسلوں کو سائنسی تحقیق، جدت اور تکنیکی ترقی کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی ترغیب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر یہ سنگ میل مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے اور خلائی سائنس، تحقیق، تکنیکی جدت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو نئی تحریک فراہم کرے گا۔چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خط میں کہا پاکستان اور چین ہمہ موسمی آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور دونوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ 75 برسوں کے دوران ان کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابل شکست رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کی تسخیر کے سفر میں دونوں ملکوں کے خلا بازوں کا ایک ساتھ آگے بڑھنا ان کی گہری اور دیرینہ دوستی کا عملی ثبوت اور دوطرفہ تعاون کا نیا اور اہم ثمر ہے ۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ کائنات لامحدود ہے اس لیے اس کے کھوج کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ چین کا خلائی سٹیشن (سی ایس ایس)امن، دوستی اور تعاون کا ایک سفینہ ہے ، چین پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بیرونی خلا کے پرامن استعمال کے اصول کو سربلند رکھنے ، بین الاقوامی خلائی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور عالمی خلائی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے تاکہ خلائی تحقیق کے ثمرات سے پوری انسانیت زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہایہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں، بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے ،یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنس دانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے ۔یہ پاکستان اور چین کے درمیان فولادی دوستی کا عملی ثبوت ہے ۔ ہم اپنے برادر ملک چین کے شکر گزار ہیں کہ اس نے پاکستان کو اس تاریخی مشن کا حصہ بنایا۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل سٹراٹیجک کمانڈ نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی کامیابی قومی فخر کا باعث ہے ، پاکستان کا انسانی خلائی سفر سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل ہے ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا دنیا کی واحد مسلم ایٹمی قوت اب خلائی تحقیق اور خلا کی تسخیر کے میدان میں بھی نئی منزلیں طے کر رہی ہے ، آج ہمارا سبز ہلالی پرچم خلا میں بلند ہوا ہے ، کل پاکستانی نوجوان چاند اور اس سے آگے کی منزلوں کے خواب حقیقت میں بدلیں گے ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ یہ خلا میں پاکستان کی 'اڑان ہے اور ایک روشن اور شاندار مستقبل کی جانب یہ محض ایک آغاز ہے ، شاہراہوں سے اطلاعاتی سپر ہائی ویز اور پھر فضائی راستوں تک، پاکستان اور چین کی دوستی اور سی پیک آسمانوں سے بھی بلند ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی پاکستان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...