4سال میں پاک روس تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف
آزاد تجارتی معاہدہ کی فزیبلٹی مکمل، پہلی آزمائشی مال بردار ٹرین چلانے پر اتفاق
اسلام آباد (الماس حیدرنقوی)روسی دارالحکومت ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے بین الحکومتی کمیشن کا گیارہواں اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں دونوں ممالک نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ،ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں پاکستان سے روس کے لیے پہلی آزمائشی مال بردار ٹرین جلد چلانے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 2026 سے 2030 تک پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے ۔ پاکستان اور یوریشین اقتصادی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کی تکمیل کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس کے اختتام پر بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے پروٹوکول اور اقتصادی تعاون کے پانچ سالہ پروگرام پر دستخط کیے گئے ۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پاکستان کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ماسکو یکسپورٹ سینٹر کے ذریعے کاروباری حلقوں کے براہِ راست روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اپنے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مراعات سے متعلق معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔توانائی کے شعبے میں تیل و گیس کی تلاش، مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی اور گیس کی تقسیم میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان اپنے خشکی اور سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کے سرمایہ کاری مواقع سے روسی کمپنیوں کو آگاہ کرے گا۔ دونوں ممالک توانائی کے مؤثر استعمال کے معیارات اور کم توانائی استعمال کرنے والے کولڈ سٹوریج مراکز کے قیام میں بھی تعاون کریں گے ۔صنعتی شعبے میں دھات سازی، بھاری گاڑیوں، زرعی مشینری اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے مواقع کی نشاندہی کی گئی۔
صحت اور ادویہ سازی کے شعبوں میں انسولین کی مقامی پیداوار، ادویات کی طبی آزمائشوں اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔زرعی تجارت میں اضافے کے ساتھ مویشیوں کی افزائش نسل، جانوروں کی ویکسین، ماہی گیری، آبی حیات کی افزائش اور زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں پاکستان سے روس کے لیے پہلی آزمائشی مال بردار ٹرین جلد چلانے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پاکستان ریلوے کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید ذہین ٹرانسپورٹ نظام اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے میں بھی تعاون کریں گے ۔
تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی تعاون کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی و تکنیکی تعاون اور تعلیمی اسناد کو تسلیم کرنے سے متعلق تین بین الحکومتی معاہدوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے حکومتی اسکالرشپس کے کوٹے میں اضافہ کردیا ہے ۔اجلاس میں قدرتی آفات سے نمٹنے ، ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوںممالک کے وزرائے توانائی نے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی اقتصادی تعاون کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے اور دوطرفہ تعلقات کے وسیع امکانات کو عملی اور باہمی فائدہ مند نتائج میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے ۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کا بارہواں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments