پرویز الٰہی دوبارہ سیاست میں متحرک، مفاہمت کی نئی کوششیں
ٹائمنگ اہم ،نئے صوبوں پر اپنی جماعت کو حمایت کیلئے آمادہ کرسکتے
(تجزیہ:سلمان غنی )
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے طویل خاموشی کے بعد سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے کا آغاز اپنی رہائش گاہ پر سیاسی ملاقاتوں سے کیا ہے ، جن میں پارٹی کے اندرونی معاملات،سیاسی حکمت عملی اور خصوصاً بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد لطیف کھوسہ، سابق سپیکر اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں کی پرویز الٰہی سے ملاقاتوں کو اہم قرار دیا جارہا ہے ۔ ان ملاقاتوں میں انہیں اسلام آباد کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور جماعت کو مشکلات سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔ سوال یہ ہے کہ کیا پرویز الٰہی دوبارہ فعال سیاسی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں؟،موجودہ حالات میں ان کی سرگرمیاں فی الحال ملاقاتوں اور مشاورت تک محدود رہنے کا امکان ہے ، کیونکہ پی ٹی آئی کے لیے بڑے سیاسی کردار کی ادائیگی کے حالات سازگار نہیں۔ تاہم وہ ان رابطوں کے ذریعے جماعت میں اپنا سیاسی اثر برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ ممکن ہے کہ ان کی سرگرمیوں کا ایک مقصد اپنے صاحبزادے مونس الٰہی کے سیاسی مستقبل کو بھی محفوظ بنانا ہو۔سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی ہے کہ پرویز الٰہی کی سرگرمیوں کی ٹائمنگ اہم ہے ۔ نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر وہ اپنی جماعت کو حمایت کے لیے آمادہ کرسکتے ہیں، جس سے پی ٹی آئی اور مقتدرہ کے درمیان تعلقات میں نرمی کی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے ۔ ان کی کوشش ہوگی کہ جماعت کا سیاسی کردار مشروط طور پر بحال ہو۔چودھری خاندان کی سیاست کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے عمومی طور پر ریاست مخالف طرزعمل سے گریز کیا اور مختلف ادوار میں حکومتوں کا حصہ رہے ۔
تاہم پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر پی ڈی ایم قیادت سے طے شدہ معاملات سے آخری وقت میں انحراف نے پرویز الٰہی کے لیے مشکلات پیدا کردیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس فیصلے میں مونس الٰہی کا بھی کردار تھا، جس کے بعد مقدمات اور خاندانی اختلافات نے شدت اختیار کی۔ چودھری شجاعت نے اختلافات کے باوجود پرویز الٰہی سے مکمل قطع تعلقی اختیار نہیں کی۔پرویز الٰہی کی حالیہ ملاقاتوں میں ایسے ارکان اسمبلی کو ترجیح دی جارہی ہے جو مزاحمتی سیاست کے بجائے مفاہمت کے حامی ہیں۔ ایک رکن اسمبلی کے مطابق پرویز الٰہی زیادہ بولنے کے بجائے دوسروں کا مؤقف سن رہے ہیں اور سیاسی راستہ اختیار کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی تعطل ختم کرنے کے لیے تمام فریقوں سے رابطے ضروری ہیں۔واقفان حال کے مطابق پرویز الٰہی ایسی پوزیشن حاصل کرنا چاہتے ہیں جہاں فیصلہ ساز بھی ان سے رجوع کریں اور وہ پی ٹی آئی کی سیاسی حیثیت کی مشروط بحالی میں کردار ادا کرسکیں۔ تاہم مقتدرہ کا ان کے حوالے سے رویہ نرم ہوگا یا نہیں، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔ دوسری جانب ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتیں کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت نہیں بلکہ سیاسی بقا کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں پی ٹی آئی مختلف گروپوں میں تقسیم ہے اور کارکن مایوسی کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں پرویز الٰہی کی مشاورت اور سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔بہرحال پرویز الٰہی کی سرگرمیاں مفاہمت کے حامی حلقوں کے لیے امید کی کرن ہیں، لیکن ان کے لیے اصل چیلنج مقتدرہ اور پی ٹی آئی کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کے ساتھ پارٹی کارکنوں کا اعتماد برقرار رکھنا بھی ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments