اسلام آباد میں یکم دسمبر سے سرکاری ادائیگیاں صرف آن لائن

اسلام آباد میں یکم دسمبر سے سرکاری ادائیگیاں صرف آن لائن

ایم سی آئی میں ٹیکس، فیس، جرمانے ،کرایوں سمیت تمام واجبات کی ادائیگی ڈیجیٹل ہوگی

اسلام آباد (ماہتاب بشیر) میٹروپولیٹن کارپور یشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے وزیراعظم کے وژن ’’کیش لیس اسلام آباد‘‘ پر عملدرآمد کے لیے یکم دسمبر 2026 سے تمام سرکاری ادائیگیاں آن لائن اور ڈیجیٹل نظام کے تحت وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں چیف آفیسر ایم سی آئی کی جانب سے باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ۔جاری کردہ حکم نامے کے مطابق 30 نومبر 2026 کے بعد ایم سی آئی کے کسی بھی ڈائریکٹوریٹ، ونگ، سیکشن، برانچ یا دفتر میں کسی بھی قسم کی ادائیگی نقد، پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ، چیک یا دیگر کاغذی ذرائع سے وصول نہیں کی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیکس، فیس، کرایہ جات، جرمانوں، لائسنس فیس اور دیگر تمام سرکاری واجبات صرف منظور شدہ آن لائن اور ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع سے وصول کیے جائیں گے ۔ اس پابندی کا اطلاق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو، ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز سمیت تمام متعلقہ شعبوں پر ہوگا جبکہ کسی قسم کی رعایت یا استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔

آفس آرڈر کے تحت تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنے دفاتر میں قائم تمام نقد ادائیگی کے کاؤنٹرز اور دستی رسیدوں کی کتابیں فوری طور پر بند کر دیں۔ دستی رسیدوں کی باقی ماندہ کتابیں باقاعدہ سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرائی جائیں۔ اس کے علاوہ عوامی رابطے کے تمام مقامات پر آن لائن ادائیگی کے نظام سے متعلق واضح اعلانات آویزاں کیے جائیں اور تمام متعلقہ ملازمین کو تحریری طور پر نئی ہدایات سے آگاہ کیا جائے ۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈائریکٹرز سات روز کے اندر عملدرآمد سے متعلق جامع رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے ۔چیف آفیسر نے خبردار کیا ہے کہ 30 نومبر کے بعد اگر کوئی افسر یا اہلکار نقد رقم، نقد رسید، پے آرڈر یا کسی بھی کاغذی ذریعے سے لین دین کرتا پایا گیا تو اسے دانستہ خلاف ورزی اور سنگین بدانتظامی تصور کیا جائے گا۔ اس پر متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ متعلقہ ڈائریکٹر یا سربراہ دفتر کو بھی اپنے دائرہ اختیار میں ہونے والی خلاف ورزی کا ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔حکم نامے کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسلام آباد میں سرکاری مالیاتی نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور نقد لین دین کا خاتمہ یقینی بنانا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...