عمارت کا مالک، ملوث سرکاری افسران جیل جائینگے ،وزیراعلیٰ

عمارت کا مالک، ملوث سرکاری افسران جیل جائینگے ،وزیراعلیٰ

غیرقانونی تعمیر سنگین معاملہ،ایس بی سی اے کی غفلت برداشت نہیں کرینگے مراد شاہ کا منہدم عمارت کا دورہ ،کارروائیوں کا جائزہ ،افسران کی بریفنگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کی منظوری صرف گراؤنڈ پلس ون منزل کے لیے دی گئی تھی، لیکن اس پر چھ منزلیں تعمیر کردی گئیں۔ انہوں نے اس غیرقانونی تعمیر کو سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار عمارت کے مالک، کنسلٹنٹ، ٹھیکیدار اور ملوث سرکاری افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور انہیں جیل بھیجا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے مقام کا دورہ کیا اور جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد، ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں میں پیش رفت اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک تین لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جبکہ کئی افراد کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمارت گرنے کے وقت اندر موجود افراد کی حتمی تعداد واضح نہیں، کیونکہ جائے وقوع پر متعدد ٹھیکیدار کام کر رہے تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق تقریباً 10 افراد لاپتا ہیں، تاہم ریسکیو حکام حتمی تعداد کی تصدیق کر رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملبے تلے ممکنہ طور پر دبے افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جائے وقوع سے محفوظ فاصلے پر رہیں تاکہ امدادی ٹیمیں بغیر کسی رکاوٹ کے کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں سرکاری افسران کی ممکنہ ملی بھگت یا غفلت کے بغیر نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے اس واقعے کو محض حادثہ قرار دینے کے بجائے مجرمانہ غفلت کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت کے مالک، کنسلٹنٹ، ٹھیکیدار اور ملوث پائے جانے والے سرکاری افسران کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی یا ضلعی انتظامیہ کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ذمہ دار پائے جانے والے افسران کو سخت قانونی کارروائی، بشمول قید، کا سامنا کرنا ہوگا۔ مراد علی شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امدادی کارروائیاں حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے اور اس سانحے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...