سندھ اورانٹرنیشنل فنانس کارپوریشن میں 10 کروڑ ڈالر کامعاہدہ

سندھ اورانٹرنیشنل فنانس کارپوریشن میں 10 کروڑ ڈالر کامعاہدہ

وزیراعلیٰ سے آئی ایف سی کے اعلیٰ سطح وفد کی نائب صدر کی قیادت میں ملاقات قابل عمل ترقیاتی منصوبے مسابقتی شرائط پر نجی سرمایہ حاصل کر سکیں گے ،مرادشاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکیہ، پاکستان اور افغانستان کے لیے ادارے کے علاقائی نائب صدر عماد نجیب فخوری کر رہے تھے ۔ملاقات حکومت سندھ اور عالمی بینک گروپ کے نجی شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق ادارے کے درمیان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے ، جس کے دوران مجوزہ جزوی کریڈٹ گارنٹی (پی سی جی)کی 10 کروڑ ڈالر تک کی سہولت کے لیے مینڈیٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجوزہ مالیاتی ضمانت کے طریقہ کار کے ذریعے منتخب سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں سے وابستہ مالیاتی خطرات کم کرکے تجارتی قرض دہندگان اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا اہم موقع میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا مالیاتی ماحول پیدا کرنا ہے جس میں قابلِ عمل ترقیاتی منصوبے مسابقتی شرائط پر نجی سرمایہ حاصل کر سکیں اور اس سے صوبائی حکومت کی قرض لینے کی صلاحیت پر غیر ضروری دباؤ بھی نہ پڑے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 10 کروڑ ڈالر کی پی سی جی سہولت منتخب سرکاری و نجی شراکت داری کے رعایتی معاہدوں کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے والے قرض دہندگان کو کریڈٹ گارنٹی دے گی۔ مجوزہ ضمانت کے تحت رعایتی معاہدوں کی منسوخی سے متعلق شقوں کے نتیجے میں حکومت پر عائد ہونے والی اہل قرض کی ادائیگی کی ذمہ داریوں کا احاطہ کیا جائے گا، تاہم یہ منظور شدہ ضمانتی حدود کے اندر ہوگا۔ضمانت کی فیس ابتدائی طور پر تجویز کردہ دو فیصد سے کم کرکے استعمال شدہ ضمانتی رقم پر سالانہ 1.6 فیصد مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔عماد نجیب فخوری نے سندھ کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور ایسے تجارتی لحاظ سے قابلِ عمل منصوبوں کی تیاری میں معاونت کرنے میں آئی ایف سی کی دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت اس عمل کے لیے مکمل ادارہ جاتی معاونت فراہم کرے گی اور مجوزہ منصوبوں کو آگے بڑھانے اور طے شدہ اقدامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے محکمہ خزانہ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور سندھ پی پی پی کمپنی کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...